لاہور: پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 27 مئی سے 2 جون تک ہو گا۔ اس دوران متعدد سرگرمیوں پر پابندیاں عائد ہوں گی۔
حکام کے مطابق عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر پابندی ہو گی۔ جبکہ جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول، نالیوں یا نہروں میں پھینکنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ دریاؤں، جھیلوں، نہروں اور ڈیمز میں نہانے اور تیراکی پر بھی پابندی ہو گی۔ جبکہ صرف منظور شدہ مویشی منڈیوں میں ہی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت ہو گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق کسی بھی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ جبکہ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں جمع کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، حافظ نعیم الرحمان
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات انسانی جانوں کے تحفظ، امن و امان اور ماحول کی بہتری کے لیے کیے گئے ہیں۔ جبکہ انتظامیہ کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
