ریاض: سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز کے 18 ویں فرزند، سعودی فرماں رواں شاہ سلمان کے بھائی اور ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال کے والد تھے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق 1931 میں پیدا ہونے والے مرحوم شہزادے کا شمار شاہی خاندان کے تعلیم یافتہ ترین افراد میں کیا جاتا تھا۔ وہ مختلف وزارتوں کے وزیر اور فرانس میں سعودی عرب کے سفیر بھی رہے تھے۔ شہزادہ طلال یونیسیف اور یونیسیکو کے خصوصی ایلچی کے مناصب پر بھی فائز رہے۔ وہ خواتین کو گاڑی کی ڈرائیونگ کا حق دینے کے بھی زبردست حامی تھے۔
شہزادہ الولید بن طلال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’انسٹا گرام‘ پر ان کی وفات کی خبر کی تصدیق کی۔ سعودی شہزادے نے یہ بھی لکھا ہے کہ سوگوار خاندان سے لوگ اتوار سے منگل تک ان کی رہائش گاہ دارالحکومت ریاض میں آکر اظہارِ تعزیت کر سکتے ہیں۔
شہزادہ الولید بن طلال کے مطابق ان تین ایام میں نمازِ مغرب سے نمازِ عشا کے درمیان تعزیت کے لیے شاہی خاندان کے افراد سے بھی ملاقات کی جاسکتی ہے۔