معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کے اعلان کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی، صرف 2 گھنٹوں کے دوران مختلف مالیاتی منڈیوں کی مجموعی مالیت میں 36 کھرب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جینسن ہوانگ کی این ویڈیا میں بحالی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی کو ان کی اچانک علیحدگی کے بعد شدید کاروباری اور سرمایہ کارانہ دباؤ کا سامنا تھا۔ ہوانگ نے 12 نومبر کو غیر ازدواجی تعلقات کے انکشافات کے بعد این ویڈیا کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد کمپنی کے حصص کی مارکیٹ ویلیو میں ایک کھرب ڈالر سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ہوانگ کی علیحدگی کے حوالے سے چین کے ساتھ ان کے مبینہ انٹیلی جنس روابط اور قومی سلامتی سے متعلق خدشات بھی سامنے آئے تھے، جس کے بعد اینویڈیا کے بورڈ نے ان الزامات اور ان کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کی بحیثیت صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بحالی کا اعلان کیا ہے، وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہوں گے۔
جینسن ہوانگ کی بحالی کی خبر سامنے آنے کے بعد این ویڈیا کے حصص میں تقریباً 33 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں ایک کھرب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں مثبت رجحان کے باعث سونے کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد جبکہ چاندی کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی اور بٹ کوائن کی قیمت تقریباً 5.75 فیصد بڑھ گئی۔
خیال رہے جینسن ہوانگ کے استعفیٰ کے بعد ان کی واپسی کے لیے آن لائن مہم بھی چلائی گئی جس میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کئے تھے۔ ان لوگوں میں سلیکون ویلی کی معروف شخصیات بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ انہیں جینسن ہوانگ کی دوبارہ سی ای او کے عہدے پر واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔
معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی خاتون سے تعلقات تھے جو سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی ایگزیکٹو رہ چکی ہیں۔ امریکی حکام نے ایلس ہوانگ کی تحقیقات کی تھیں اور انہیں چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔
میگاسپیڈ این ویڈیا سے مصنوعی ذہانت کے لیے چِپس خریدتی ہے۔ امریکی حکام اس کمپنی کی بھی اس شبہ میں جانچ کر چکے ہیں کہ اس نے بیجنگ کو ایسی جدید اے آئی چِپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جن کی چین کو ترسیل پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔
ہوانگ کا اعتراف اور کمپنی کی تحقیقات
رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے اقدامات کی مکمل ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ ان کے عمل سے اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
اس پیشرفت کے بعد این ویڈیا کے بورڈ نے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل کمیٹی کے ذریعے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کے تجارتی رازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہوانگ نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون اور کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
این ویڈیا اور اس کے سربراہ کی اہمیت کیا ہے؟
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے 1993 میں کرس ملاکوسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور تب سے وہ کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔
کمپنی ابتدا میں ویڈیو گیمز کے گرافکس کے لیے چِپس تیار کرتی تھی تاہم ہوانگ کی قیادت میں اس نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اور آج اے آئی پروسیسرز کی دنیا کی نمایاں ترین فراہم کنندہ بن چکی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 2022 کے اواخر میں چیٹ جی پی ٹی متعارف ہونے کے وقت این ویڈیا کی چِپس پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے اہم مقام حاصل کرچکی تھیں۔ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو نومبر 2022 میں تقریباً 420 ارب ڈالر تھی جو 6 نومبر 2026 تک بڑھ کر 4.5 ٹریلین ڈالر ہو گئی تھی۔



