بنگلہ دیش کی وزیرِ مملکت برائے خارجہ شمع عبید اسلام نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ اگر بھارت سے بنگلہ دیش واپس آئیں تو انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا۔
شیخ حسینہ کے دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کے منصوبے کے بعد سے ملک میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کئی مقامات پر پُرتشدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وزیرِ مملکت برائے خارجہ شمع عبید اسلام نے بتایا کہ ڈھاکا بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کر رہا ہے اور امید ہے کہ نئی دہلی دونوں ملکوں کے درمیان موجود حوالگی کے معاہدے پر عمل کرے گا۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ البتہ اپریل میں وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔
شیخ حسینہ اگست 2024 سے بھارت میں روپوش ہیں۔ وہ بنگلہ دیش میں طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک کے نتیجے میں اپنی 15 سالہ سخت گیر حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش میں سزائے موت کا سامنا ہے، جب کہ ان کی جماعت عوامی لیگ پر 2024 کے بعد سے پابندی عائد ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق 2024 میں بنگلہ دیش میں بدامنی کے واقعات کے دوران 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
شیخ حسینہ نے دسمبر میں متوقع واپسی سے قبل نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے درخواست دی تھی، جسے حکومت نے مسترد کردیا تھا۔
شمع عبید نے ’رائٹرز‘ کو انٹرویو میں کہا کہ جیسے ہی شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی کوشش کریں گی، انہیں گرفتار کرکے جیل لے جایا جائے گا اور پھر قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم چاہتے ہیں کہ بھارت حوالگی کے معاہدے کا احترام کرے اور انہیں سزا یافتہ مجرم کے طور پر واپس بھیجے تاکہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے۔“ ان کے بقول ”انہیں اپنے کیے کا سامنا کرنا ہوگا۔“
شیخ حسینہ کی متوقع واپسی پر تنازع کے باعث ان کی جماعت عوامی لیگ کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ پارٹی نے شیخ حسینہ کی واپسی کی حمایت میں ایک ہفتے کے احتجاج اور ریلیوں کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن پر ہوا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے درجنوں دھماکے اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں کئی پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔
شمع عبید نے پُرتشدد واقعات کو شیخ حسینہ کی ”سیاسی طور پر دیوالیہ جماعت“ کی بقا کی حکمتِ عملی قرار دیا۔
عوامی لیگ کے ایک سینئر رہنما خالد محمود چوہدری کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی انتظامیہ تشدد کی ذمہ دار ہے۔
دوسری جانب وزیرِ مملکت کے مطابق شیخ حسینہ کو واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجنے کے معاملے پر بھارت سے کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کے بقول، ڈھاکا نئی دہلی کے ساتھ ایسے متوازن تعلقات چاہتا ہے جن میں بنگلہ دیش کے وقار، عزتِ نفس اور مفادات پر سمجھوتہ نہ ہو۔
شمع عبید کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ بنگلہ دیش کے لیے کون سی خارجہ پالیسی اپنانا چاہتا ہے۔



