خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 22 خارجی ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو بنوں، ٹانک اورجنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 15 خارجی مارے گئے جبکہ بنوں میں 6 اور ٹانک میں ایک خارجی مارا گیا۔ہلاک خارجیوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
صدرِ مملکت نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے 22 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یاد رہے 14 نومبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل کے علاقے میں 12 خوارج ہلاک کیے گئے جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل تھے جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں 2، 2 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہید ہونے والوں میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی شامل ہیں جن کا تعلق ضلع صوابی جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔ دونوں جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان وطن پر قربان کی۔

