چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ 14 نومبر کو میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 16 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاری، مہارت اور وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری کو بھی سراہتے ہوئے اسے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف صف اول کی بہادر فورس قرار دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کا یقینی خاتمہ اور خیبر پختونخوا میں سخت جدوجہد سے حاصل ہونے والے امن و استحکام کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔



