امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ بڑے فوجی حملوں کے امکان پر فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر نئے سال کے آغاز کے بعد بات کریں گے جبکہ امریکی سینیٹ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے یا اسے جاری رکھنے کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل کرنے سے متعلق قرارداد مسترد کردی۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں فروری کے آخری ہفتے میں امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر عمان کی ثالثی میں باقاعدہ مذاکرات جاری تھے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ حملے شروع کر دیے۔امریکا کے پہلے دن کے حملوں کا ہدف ایرانی قیادت، فوجی کمانڈ، میزائل اور جوہری تنصیبات تھیں۔ اسی ابتدائی حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو بھی شہید کردیا گیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے دورے سے واشنگٹن واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر ممکنہ نئے حملوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے پر نئے سال کے آغاز کے بعد بات کریں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ’ابھی ان کے پاس وقت ہے اور وہ ایران کے حوالے سے کسی فیصلے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے‘۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کے خلاف نئے فوجی حملوں سے متعلق فیصلہ فوری طور پر نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو انٹرویو میں بھی یکم جنوری 2027کے بعد کی صورت حال دیکھنے کا عندیہ دیا جبکہ امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس اور اسرائیلی نیوز 12 کے نمائندے سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایران کے معاملے پر کوئی فیصلہ کرنے میں جلدی نہیں کر رہے۔
خبر رساں ادارے ایکسیوس نے نشاندہی کی ہے کہ فروری کے اواخر میں موجودہ جنگ شروع ہونے سے صرف ایک روز قبل بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ کیا کرنا ہے حالانکہ حقیقت میں وہ حملے کا فیصلہ پہلے ہی کرچکے تھے۔
مڈٹرم امریکی انتخابات کے بعد ٹرمپ کی پالیسی
رائٹرز کے مطابق 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ بارہا یہ عندیہ دیتے رہے تھے کہ انتخابات کے بعد ایران8 ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے پر آمادہ ہوسکتا ہے تاہم انتخابات میں ریپبلکنز کی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں شکست کے بعد امریکی انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیاں مؤثر ثابت ہورہی ہیں۔
ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ ایران کا معاملہ انتخابی شکست کی وجوہات میں شامل تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دوبارہ فیصلہ کرنے کا موقع ملتا تو وہ پھر بھی یہی راستہ اختیار کرتے۔
جے ڈی وینس کا جنگ سے متعلق بیان
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ سے خود کو عوامی سطح پر الگ کرتے ہوئے اسے ریپبلکن پارٹی کی انتخابی ناکامی کی ایک وجہ قرار دیا تھا۔
بعد ازاں ٹرمپ نے وینس کو ایران سے متعلق سفارتی کوششوں سے ہٹا کر ملکی معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت کردی۔
رائٹرز سے گفتگو میں ٹرمپ نے نائب صدر کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈی وینس نے درست بات کی، ایران کی صورت حال یقیناً ان وجوہات میں شامل تھی جن کے باعث انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہیں دوبارہ فیصلہ کرنا پڑے تو وہ ایران کے خلاف کارروائی کا انتخاب کریں گے کیونکہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
امریکی سینیٹ میں جنگ ختم کرنے کی قرارداد مسترد
دوسری جانب امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے یا اسے جاری رکھنے کے لیے کانگریس سے منظوری حاصل کرنے کا پابند بنانے سے متعلق قرارداد مسترد کردی۔
رائٹرز کے مطابق سینیٹ میں قرارداد کے حق میں 48 اور مخالفت میں 51 ووٹ آئے۔ ریپبلکن ارکان نے بڑی حد تک جماعتی بنیادوں پر صدر کے اختیارات محدود کرنے کی اس کوشش کی مخالفت کی۔
یہ قرارداد اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان سے منظور ہوچکی تھی تاہم سینیٹ میں مسترد ہونے کے بعد صدر ٹرمپ کے لیے جنگ جاری رکھنے کے معاملے پر کانگریس کی منظوری لازمی قرار دینے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔



