نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے منظور کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس پر غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کی شناخت اور ان سے متعلق معلومات آن لائن فروخت کرنے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ملزم کی شناخت دانش پرویز کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر فوڈ ڈلیوری کا کام کرتا ہے۔ ملزم ٹیلی گرام پر ’ڈی پی بروز‘ اور ’گوتھم‘ کے نام سے اکاؤنٹس استعمال کرتا تھا۔
شہزاد اکبر کے مطابق ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نے پاکستانی حکام کو اطلاع دی تھی کہ ایک نوجوان مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں کی شناخت ظاہر کرنے اور ان کا ڈیٹا آن لائن فروخت کرنے میں ملوث ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اطلاع ملنے کے بعد این سی سی آئی اے نے تقریباً 12 گھنٹوں کے اندر ملزم کو کراچی کی علاقے منظور کالونی کے قریب سے حراست میں لے لیا۔
حکام کے مطابق ملزم صرف ایک ملک کی ایجنسی کو مطلوب نہیں تھا بلکہ چین کے انٹیلی جنس اہلکاروں سے متعلق معلومات بھی آن لائن فروخت کر رہا تھا۔
ڈارک ویب سے ڈیٹا حاصل کرنے کا الزام
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزم پڑھا لکھا نہیں ہے لیکن وہ ڈارک ویب کے ذریعے مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں سے متعلق معلومات حاصل کرتا اور انہیں آن لائن فروخت کرتا تھا۔
ان کے مطابق مختلف ممالک کی ایجنسیاں اپنے اہلکاروں کو فرضی ناموں اور مختلف شناختوں کے تحت تعینات کرتی ہیں، تاہم ملزم مبینہ طور پر ان کی اصل شناخت ظاہر کر کے ان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ بن رہا تھا۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ملزم کی سرگرمیوں کا سراغ لگانے کے لیے خود بھی مختلف اوقات میں اپنا ڈیٹا مختلف قیمتوں پر فروخت کیا۔ ملزم نے یہ ڈیٹا خریدا، جس کے بعد اس کی آئی پی ایڈریس کی مدد سے اس کی سرگرمیوں کا پتا لگایا گیا۔
جوئے کی لت اور فرضی شناخت
حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم فوڈ ڈلیوری کا کام کرتا تھا اور جوئے اور آن لائن بیٹنگ کا عادی تھا۔ ملزم مبینہ طور پر ڈیٹا فروخت کر کے حاصل ہونے والی رقم جوئے میں استعمال کرتا تھا۔
شہزاد اکبر کے مطابق ملزم ہالی وڈ فلموں کے کرداروں اور فرضی دنیا سے متاثر تھا۔ اس نے سوشل میڈیا اور ٹیلی گرام پر ’گوتھم‘ کے نام سے اکاؤنٹ بنایا تھا، جو فلموں میں ایک خیالی شہر کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ ملزم نے اپنے جسم پر متعدد ٹیٹو بنوا رکھے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کی گرفتاری ایک غیر ملکی ایجنسی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں آئی۔
