پاکستان سمیت 16 ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری سے متعلق سرگرمیوں پر برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق منگل کو برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث 8 اسرائیلی کمپنیوں کے علاوہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے والے اسرائیلی گروپ پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ اگلے ہی روز آسٹریلیا نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادکاری اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث 3 اسرائیلی افراد اور 4 تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کویت کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں پاکستان، کویت، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، الجزائر، سعودی عرب، صومالیہ، عمان، فلسطین، قطر، لیبیا، مالدیپ، مصر اور نائجر کے وزرائے خارجہ نے برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، جن میں یہودی بستیوں کی تعمیر میں ملوث کمپنیوں کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بیان میں برطانیہ کی جانب سے ایسے اسرائیلی گروپ پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا گیا جو غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے میں ملوث پایا گیا ہے۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
