دنیا کی تین بڑی طاقتوں، امریکا، روس اور چین کے سربراہان جب ایک ہی کمرے میں آمنے سامنے بیٹھے تو تینوں رہنماؤں کا ایک ہی میز پر بیٹھنا اور باری باری گفتگو کرنا اس ملاقات کو غیر معمولی اہمیت دے رہا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی اس سہ فریقی ملاقات نے عالمی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ صحافیوں نے اس ملاقات کا بغور مشاہدہ کیا اور یہ بات سامنے آئی کہ میزبان صدر شی نے سب سے پہلے گفتگو کی، جس کے بعد پیوٹن نے خیالات کا اظہار کیا اور آخر میں صدر ٹرمپ نے بات چیت کی۔ چین کے شہر شین ژین میں ہونے والی ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں کے اندازِ گفتگو اور ایک دوسرے کی طرف دیکھنے کے طریقے مختلف تھے۔
یہ تینوں رہنما ایسے ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں جن کے فیصلے عالمی امن، جنگ، معیشت، تجارت اور جوہری ہتھیاروں کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اس ملاقات کی خاص بات صرف تین طاقت ور رہنماؤں کا ایک ساتھ بیٹھنا نہیں تھی بلکہ کمرے کے اندر ان کے اندازِ گفتگو، باہمی رویے، جسمانی حرکات اور ایک دوسرے کے ساتھ برتاؤ نے بھی خاص اہمیت حاصل کی۔
ملاقات کے لیے کمرے کو منظم انداز میں ترتیب دیا گیا تھا۔ تینوں رہنماؤں کو ایک ایسی گول میز کے گرد بٹھایا گیا جس کی شکل رِنگ جیسی تھی۔ میز کے عین درمیان جامنی رنگ کے پھولوں کا ایک خوبصورت گلدستہ رکھا گیا تھا، جو اس خصوصی ملاقات کی سجاوٹ کا نمایاں حصہ تھا۔
گول میز کی ترتیب بھی اہم تھی، کیوں کہ اس میں تینوں رہنماؤں کو ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر گفتگو کرنے کا موقع دیا گیا۔ کمرے کا ماحول بظاہر پرسکون، رسمی اور سفارتی تھا، لیکن اس ملاقات کی عالمی اہمیت کے باعث اس کے ہر لمحے پر دنیا بھر کے صحافیوں اور مبصرین کی نظریں تھیں۔
صحافیوں کو کمرے کے اندر ایک مخصوص حصے تک محدود رکھا گیا تھا۔ ان کے اور رہنماؤں کے درمیان ایک رسی لگائی گئی تھی تاکہ وہ مقررہ فاصلے پر رہیں اور ملاقات کی کارروائی دیکھ سکیں۔
میزبان چینی صدر نے بات چیت کا آغاز کیا اور وہ گفتگو کرتے رہے جس پر ٹرمپ مسکراتے ہوئے سنتے رہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ملاقات کے اس حصے میں جسے صحافیوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، تینوں رہنماؤں نے زیادہ تر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات اور سابقہ ملاقاتوں کے مثبت تجربات کا ذکر کیا۔
جب چینی صدر شی جن پنگ گفتگو کر رہے تھے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کی باتیں توجہ سے سنتے رہے۔
ٹرمپ نے اس دوران کمرے میں موجود صحافیوں کی طرف بھی دیکھا اور مسکرائے۔ ان کے سامنے صحافیوں کا ایک بڑا گروپ موجود تھا جو رسی کے پیچھے کھڑا اس تاریخی ملاقات کی کارروائی کا مشاہدہ کر رہا تھا۔
ٹرمپ کا انداز نسبتاً پُراعتماد اور دوستانہ دکھائی دے رہا تھا۔ وہ شی جن پنگ کی گفتگو کے دوران خاموشی سے سنتے رہے اور کبھی کمرے میں موجود صحافیوں کی جانب دیکھ کر مسکرا دیتے۔
’پوٹن لکھتے رہے‘
جب شی جن پنگ گفتگو کر رہے تھے تو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا انداز دونوں رہنماؤں سے قدرے مختلف تھا۔
پیوٹن اپنے سامنے رکھے ہوئے کاغذات کو ترتیب دینے اور ان پر کچھ لکھنے میں مصروف رہے۔
صحافیوں کے مشاہدے کے مطابق روسی صدر نے گفتگو کے دوران کافی وقت اپنی دستاویزات پر نظریں جمائے رکھیں۔ وہ مسلسل شی جن پنگ کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے سامنے موجود کاغذات کو دیکھتے، انہیں ترتیب دیتے اور کچھ نوٹس لکھتے رہے۔
جب صدر پیوٹن کی گفتگو کی باری آئی تو صدر ٹرمپ نے ان کی طرف دیکھا اور مسکراتے ہوئے ان کی بات سنی۔
اس موقع پر شی جن پنگ سیدھے سامنے دیکھتے رہے۔
جب پیوٹن بولے تو ٹرمپ نے کیا کیا؟
ملاقات کے دوران جب گفتگو کا رخ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب ہوا تو امریکی صدر ٹرمپ نے اُن کی طرف متوجہ ہو کر اُنہیں سنا۔
یہ ایک اہم سفارتی منظر تھا، کیوں کہ امریکا اور روس کے تعلقات طویل عرصے سے عالمی سیاست میں ایک حساس موضوع رہے ہیں۔
اس ملاقات میں امریکی صدر نے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں کمی کے معاملے کو بھی اٹھایا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تینوں ممالک اس بات پر گفتگو کریں کہ کس طرح اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہونا آسان نہیں ہے۔
ٹرمپ کے بقول، ایک مرتبہ جب آپ کے پاس جوہری ہتھیار آ جاتے ہیں تو ان سے دستبردار ہونا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے انہیں چھوڑ دینا کوئی آسان کام نہیں۔
صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر سخت تنقید کی۔ اس موقع پر ایک دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا۔ جب ٹرمپ نے عدالت پر تنقید شروع کی تو روسی صدر مسکرا دیے۔
تاہم صر پیوٹن کی مسکراہٹ کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کہی جا سکتی۔
ملاقات کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ابتدائی خطاب میں سفارتی رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف ممالک کے رہنما اکثر ان ریاستوں سے بات کرنے سے گریز کرتے رہے جن کے ساتھ ان کے اختلافات تھے۔
ٹرمپ کے مطابق مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بات چیت کرنا ضروری ہے، کیوں کہ اختلافات رکھنے والے ممالک کو نظرانداز کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
ملاقات کے بعد روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے اس سہ فریقی گفتگو کے ماحول کو اچھا قرار دیا۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق اوشاکوف نے بتایا کہ صدر پیوٹن اس ملاقات کی مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔




