مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں معروف امریکی اے آئی کمپنی اینتھروپک اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھنے کے بعد دنیا کی پہلی عوامی طور پر لسٹ ہونے والی فرنٹیئر اے آئی کمپنی بننے جا رہی ہے۔
رائٹرز کے مطابق کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 2 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ابتدائی تجارتی اشاروں کے مطابق اس کے حصص کی قیمت میں آئی پی او کی مقررہ قیمت سے 26.5 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
اینتھروپک ایک امریکی مصنوعی ذہانت کمپنی ہے جسے 2021 میں قائم کیا گیا۔ اس کے بانیوں میں ڈاریو امودی اور ان کی بہن ڈینیلا امودی سمیت اوپن اے آئی کے سابق ملازمین شامل تھے۔
کلاڈ اینتھروپک کا اے آئی چیٹ بوٹ ہے، جو تحریر، تحقیق، پروگرامنگ، ڈیٹا تجزیے اور دیگر پیشہ ورانہ کاموں میں استعمال ہوتا ہے۔کمپنی نے خود کو محفوظ اور ذمہ دار مصنوعی ذہانت کی تیاری پر توجہ دینے والے ادارے کے طور پر متعارف کرایا ہے۔ اس کا مقابلہ اوپن اے آئی، گوگل اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے ہے۔
رائٹرز کے مطابق نیس ڈیک میں کمپنی کے حصص کی ابتدائی قیمت 105 ڈالر متوقع تھی، جو 83 ڈالر کی آئی پی او قیمت سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ یہ قیمت 10 بج کر 45 منٹ صبح امریکی مشرقی وقت کے مارکیٹ اشاروں کی بنیاد پر بتائی گئی تھی۔
اینتھروپک اپنے مشہور مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ ’کلاڈ‘ کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے۔ کمپنی کا اسٹاک مارکیٹ میں داخلہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری، کمپنیوں کے بھاری اخراجات اور مستقبل میں منافع کمانے کی صلاحیت کے حوالے سے عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔
98 ارب ڈالر سے زائد کے شیئرز فروخت
اینتھروپک نے اپنے ابتدائی عوامی حصص کی پیشکش (IPO) کے تحت 83 ڈالر فی شیئر کے حساب سے 98 کروڑ حصص فروخت کیے۔ کمپنی نے ابتدائی طور پر فی شیئر قیمت 70 سے 78 ڈالر مقرر کرنے کی تجویز دی تھی تاہم سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث قیمت بڑھا کر 83 ڈالر کردی گئی۔
انڈر رائٹرز کو اضافی حصص خریدنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے، جس کے مکمل استعمال کی صورت میں آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم 93.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
نجی سرمایہ کاری کو شامل کیا جائے تو کمپنی کی مجموعی سرمایہ کاری 107 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے، نجی سرمایہ کاری کے ذریعے مزید 26 ارب ڈالر حاصل کیے گئے، جس میں اے ایم ڈی، براڈکام، گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ، مائیکرون، مائیکروسافٹ، این ویڈیا اور ٹی ایس ایم سی جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی۔
اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد کو صرف ایک کمپنی کا کاروباری قدم نہیں بلکہ پوری مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔
سرمایہ کاروں کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں میں ہونے والی بھاری سرمایہ کاری مستقبل میں حقیقی منافع میں تبدیل ہوسکے گی یا نہیں۔
سرمایہ کاری ادارے ڈائریکشن کے سربراہ جیک بیہن کے مطابق این ویڈیا کی مالیاتی رپورٹ نے مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا اندازہ دیا ہے، جبکہ اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد سے معلوم ہوگا کہ سرمایہ کار نئی نسل کی اے آئی کمپنیوں میں سرمایہ لگانے کے لیے کس حد تک تیار ہیں۔انہوں نے اس ہفتے کو مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے ایک اہم آزمائش قرار دیا۔
اوپن اے آئی بھی اسٹاک مارکیٹ میں آنے کی تیاری میں
اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد کے بعد اسے مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے ایک اہم مالیاتی معیار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس کی بڑی حریف کمپنی اوپن اے آئی کے بارے میں بھی اطلاعات ہیں کہ وہ 2027 میں اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔
اینتھروپک کی کامیاب لسٹنگ دوسری اے آئی کمپنیوں کے لیے بھی سرمایہ حاصل کرنے کے نئے راستے کھول سکتی ہے، سرمایہ کار اب اس بات کا جائزہ لے سکیں گے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی حقیقی مارکیٹ ویلیو کیا ہوسکتی ہے۔
کمپنی کے بانیوں کے لیے اربوں ڈالر کا سرمایہ
اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد سے کمپنی کے بانیوں اور ابتدائی ملازمین کے اثاثوں کی مالیت میں بھی غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاریو امودی اور ان کے چھ شریک بانیوں کے پاس مجموعی طور پر کمپنی کے تقریباً 10 فیصد حصص ہیں۔
رائٹرز کے حساب کے مطابق آئی پی او کی 83 ڈالر فی شیئر قیمت کی بنیاد پر ان ساتوں بانیوں کے حصص کی مجموعی مالیت تقریباً 150 ارب ڈالر بنتی ہے۔
اس لسٹنگ سے کمپنی کے ابتدائی محققین، انجینئرز اور دیگر ملازمین بھی کاغذی طور پر کروڑ پتی اور ارب پتی بن سکتے ہیں تاہم ان اثاثوں کی اصل مالی قدر کا انحصار حصص کی مارکیٹ قیمت اور فروخت پر ہوگا۔
دوسری جانب گولڈمین سیکس اور مورگن اسٹینلے کی قیادت میں آئی پی او کے انڈر رائٹرز کو اس بڑے مالیاتی معاہدے سے تقریباً 55 کروڑ ڈالر فیس ملنے کی توقع ہے۔
مصنوعی ذہانت کی صنعت میں تیزی سے ہونے والی سرمایہ کاری کے باوجود عالمی مالیاتی منڈیوں میں اس شعبے کے مستقبل کے حوالے سے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔
سرمایہ کاروں کو تشویش ہے کہ اے آئی کمپنیوں کی جانب سے ڈیٹا سینٹرز، جدید کمپیوٹنگ سسٹمز، چپس اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر کھربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ مستقبل میں ان اخراجات کے مقابلے میں کتنا منافع حاصل ہوسکے گا۔
خصوصاً ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان باہمی سرمایہ کاری اور کاروباری معاہدوں کو بھی زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق ایک ہی کاروباری نظام میں موجود کمپنیاں ایک دوسرے میں سرمایہ کاری اور خدمات کی خریداری کے ذریعے ترقی کے اعداد و شمار کو بڑھا رہی ہیں، جس سے حقیقی معاشی طلب کا اندازہ لگانا مشکل ہوسکتا ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو امودی نے سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی مستقبل میں سرمایہ کاری کے درجے تک پہنچنے کی امید رکھتی ہے اور قرض بھی سرمایہ حاصل کرنے کا ایک ایسا ذریعہ ہے جسے مناسب وقت پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
Anthropic CEO Dario Amodei said his company "will not bend to either business nor political pressure" as it made a historic public debut that pits promise of AI as an economic game-changer against fears of a market bubble and risks to humanity https://t.co/esMwk7sCZH https://t.co/dbIMmN4WEn
— Reuters (@Reuters) November 19, 2026
اینتھروپک کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ کمپیوٹنگ صلاحیت کی ضروریات بھی بڑھ رہی ہیں، رپورٹ کے مطابق کمپنی نے ایمیزون اور گوگل سمیت مختلف شراکت داروں کے ساتھ تقریباً 900 ارب ڈالر کے کمپیوٹنگ وعدے اور وابستگیوں کے معاہدے کیے ہیں۔
یہ معاہدے ظاہر کرتے ہیں کہ کمپنی کی مستقبل کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر کمپیوٹنگ وسائل، ڈیٹا سینٹرز اور جدید چپس کی دستیابی کتنی اہم ہے۔
تاہم اتنے بڑے مالیاتی وعدوں کے باعث کمپنی کو مستقبل میں اپنے اخراجات، آمدنی اور منافع کے درمیان توازن برقرار رکھنے کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔
مستقبل میں اینتھروپک کو کن چیلنجز کا سامنا ہوگا؟
اینتھروپک کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں کامیاب آغاز کے بعد سب سے بڑا امتحان اپنی موجودہ ترقی کو مستقل کاروباری منافع میں تبدیل کرنا ہوگا۔
کمپنی کو سرمایہ کاروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس کے اے آئی ماڈلز اور کلاڈ چیٹ بوٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی مستقبل کے بھاری اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی ہے۔
اس کے علاوہ جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تیز رفتار ترقی، ان کی حفاظت اور ان کے ممکنہ غیر متوقع رویوں کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں۔
کمپنی نے اپنے آئی پی او پراسپیکٹس میں خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت غیر متوقع انداز میں کام کرسکتی ہے اور اس کی ترقی نگرانی اور کنٹرول کے موجودہ نظام سے زیادہ تیز ہوسکتی ہے۔
اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے ایک اہم مالیاتی سنگ میل ہوسکتی ہے لیکن کمپنی کی اصل کامیابی کا فیصلہ اس کی طویل مدتی آمدنی، منافع، کمپیوٹنگ اخراجات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد سے ہوگا۔


