ٹیکنالوجی کمپنی میٹا انسٹاگرام کے میسجنگ نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرکے ’ڈائریکٹ‘ (Direct) کے نام سے ایک علیحدہ میسجنگ ایپ متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد صارفین کو سوشل میڈیا فیڈ، پوسٹس اور ریلز سے ہٹ کر صرف پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
میٹا کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے صارفین کو ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کے لیے انسٹاگرام کی مرکزی ایپ کھولنے اور مختلف پوسٹس یا ویڈیوز اسکرول کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صارفین براہ راست ڈائریکٹ ایپ کھول کر اپنے دوستوں اور دیگر رابطوں سے گفتگو کرسکیں گے۔
میٹا کی جانب سے اس نئی ایپ کو فی الحال ترکیہ اور تھائی لینڈ میں متعارف کرایا گیا ہے، جہاں صارفین اسے استعمال کرسکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ان دونوں ممالک میں ایپ کی دستیابی اور صارفین کے ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ دیگر ممالک میں اجرا کے حوالے سے حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
ڈائریکٹ ایپ کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارفین انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی اس پر رجسٹریشن کرکے پیغامات بھیج سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے موبائل نمبر یا ای میل ایڈریس استعمال کیا جاسکے گا جبکہ پہلے سے انسٹاگرام اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین اپنے موجودہ اکاؤنٹ کے ذریعے بھی لاگ اِن کرسکیں گے۔
نئی ایپ میں ون ٹو ون چیٹ کے ساتھ گروپ چیٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، اس کے علاوہ انسٹاگرام کے مقبول میسجنگ فیچرز کو بھی اس ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جن میں ڈرائنگ، پرسنلائزڈ اسٹیکرز، نوٹس، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز شامل ہیں۔
صارفین چیٹ کے دوران اپنی مرضی کی ڈرائنگ بنا کر بھیج سکیں گے، مختلف اسٹیکرز استعمال کرسکیں گے اور وائس میسجز میں خصوصی صوتی اثرات شامل کرسکیں گے، اسی طرح چیٹ کے پس منظر اور تھیمز کو اپنی پسند کے مطابق تبدیل کرنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔

میٹا کے مطابق ڈائریکٹ ایپ صرف 13 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگی، نوعمر صارفین کے تحفظ کے لیے عمر سے متعلق پابندیاں اور والدین کی نگرانی کے مخصوص فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔
انسٹاگرام میسجنگ کا آغاز کب ہوا؟
انسٹاگرام نے 2013 میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد صارفین کو فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم کے اندر ہی نجی پیغامات کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے کی سہولت فراہم کرنا تھا۔
بعد ازاں میٹا نے 2019 میں فیس بک میسنجر اور انسٹاگرام کے میسجنگ نظام کو یکجا کرنے کی کوشش بھی کی تاکہ دونوں پلیٹ فارمز کے صارفین ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں۔
اب کمپنی ایک مرتبہ پھر انسٹاگرام کی میسجنگ کو الگ ایپ کی شکل دینے کی جانب بڑھ رہی ہے تاہم اس بار مقصد صارفین کو انسٹاگرام کے دیگر مواد سے الگ ایک مخصوص چیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
واٹس ایپ اور میسنجر سے کتنا مختلف ہوگا؟
میٹا کے پاس پہلے ہی واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کی صورت میں دو بڑی میسجنگ سروسز موجود ہیں تاہم ڈائریکٹ کا بنیادی ہدف انسٹاگرام صارفین اور ان کے موجودہ رابطوں کو ایک علیحدہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
اس اقدام سے میٹا کو امید ہے کہ وہ ان صارفین کو بھی اپنی جانب متوجہ کرسکے گی جو انسٹاگرام پر صرف پیغام رسانی کے لیے آتے ہیں اور سوشل میڈیا فیڈ یا ریلز دیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں میٹا کا یہ اقدام میسجنگ سروسز کے درمیان بڑھتے ہوئے مقابلے کی عکاسی کرتا ہے تاہم نئی ایپ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ صارفین اسے واٹس ایپ اور میسنجر کے مقابلے میں کس حد تک اپناتے ہیں۔



