فلمی پردے پر خطرناک مناظر سے نبرد آزما ہونے والے بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن حقیقی زندگی میں ایک ایسے خوفناک حادثے کا شکار ہو چکے ہیں، جہاں ان کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی تھی تاہم ایک اجنبی شخص نے مدد کرکے ان کو بچایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحتیابی کے بعد امیتابھ بچن ایک مرتبہ پھر ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 18 کی میزبانی کر رہے ہیں۔ پروگرام کی حالیہ قسط میں ایک امیدوار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نیپال میں پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔
امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ نیپال میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کیاکنگ کرتے ہوئے کشتی الٹ گئی تھی اور وہ پانی میں پھنس گئے تھے۔ کافی دیر تک کسی نے انہیں بچانے کی کوشش نہیں کی، تاہم بعد ازاں آبشار کے قریب موجود ایک شخص نے صورتِحال بھانپ کر انہیں پانی سے باہر نکالا۔
امیتابھ بچن کے مطابق وہ ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں نیپال میں موجود تھے، جہاں کسی نے انہیں کیاکنگ کا مشورہ دیا۔ ابتدا میں وہ اس سرگرمی کیلیے تیار نہیں تھے لیکن بعد میں انہوں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا۔
بالی وڈ شہنشاہ نے کہا کہ کہ کیاک، جو کیاکنگ کیلیے استعمال ہونے والی چھوٹی کشتی ہوتی ہے، انتہائی تنگ تھی اور اس میں بیٹھنے کیلیے انہیں تقریباً 45 منٹ تک کوشش کرنا پڑی۔
ان کے مطابق کشتی میں سوار ہونے کے کچھ ہی دیر بعد حالات خراب ہو گئے۔ چپو چلاتے ہوئے انہیں کشتی ایک سمت میں موڑنی تھی، لیکن غلطی سے دوسری طرف موڑ دی، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی۔ مجھے پہلے سمجھایا گیا تھا کہ اگر کشتی الٹ جائے تو پانی کے اندر اپنے ہاتھ اوپر کی طرف دھکیلنے چاہییں تاکہ کشتی دوبارہ سیدھی ہو سکے، لیکن یہ طریقہ ان کیلیے کارگر ثابت نہیں ہوا۔
اداکار نے کہا کہ جب کشتی کو سیدھا کرنے کی کوشش کامیاب نہ ہوئی تو انہوں نے قریب موجود لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ پانی میں اپنے ہاتھ ہلاتے رہے تاکہ کسی کو اندازہ ہو سکے کہ وہ ڈوب رہے ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے، لیکن کافی دیر تک کوئی ان کے قریب نہیں آیا۔
امیتابھ بچن نے اس صورتِ حال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقین کرنا مشکل ہو گا کہ فلم کا مرکزی اداکار خود ڈوب رہا تھا، مگر اسے بچانے کیلیے کوئی آگے نہیں بڑھا۔ کافی دیر بعد آبشار کے قریب کھڑے ایک شخص کو بالآخر اندازہ ہو گیا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ اس نے مجھے پانی سے باہر نکالا۔
اداکار کے مطابق پانی سے باہر آنے کے بعد بھی انہیں بچانا آسان نہیں تھا، تاہم وہاں موجود افراد کی کوششوں سے بالآخر ان کی جان بچ گئی۔ انہوں نے اس واقعے کو اپنی زندگی کے انتہائی مشکل اور خوف ناک تجربات میں سے ایک قرار دیا۔



