وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو مبینہ طور پر حرام اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔
اسلام آباد سے گدھے اور گوشت ملنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ا س سے پہلے جولائی 2025 میں ترنول سے 50 سے زائد گدھے اور بڑی مقدار میں گوشت برآمد کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سیکٹر ڈی 14 میں کارروائی کے دوران ایک مکان کی چیکنگ کی جہاں سے تقریباً 800 کلوگرام مبینہ حرام گوشت اور متعدد زندہ و مردہ جانور ملے۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے افسر کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق 16 نومبر کو رات 9 بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سیکٹر ڈی 14 میں ایک مکان پر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران مکان میں گوشت کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کا انکشاف ہوا۔ ایف آئی آر میں تقریباً 800 کلوگرام حرام گوشت کی موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ موقع سے 12 زندہ گدھے، ایک عدد مردہ گدھا، 5 زندہ کتے، 17 کچھوے، ایک گیدڑ اور پینگولین برآمد ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گوشت کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے لیے کسی قسم کا قانونی اجازت نامہ یا متعلقہ دستاویزات پیش نہیں کی گئیں۔ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مکان میں غیر قانونی طور پر گوشت تیار کیا جا رہا تھا اور اسے فروخت کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی تھی۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ گوشت کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے عمل میں حفظان صحت کے اصولوں اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے وٹرنری اسپیشلسٹ کی رپورٹ پر تھانہ گولڑہ میں 17 نومبرکو درج مقدمے میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی ایکٹ 2021 کی دفعات 11، 12، 13 اور 14 شامل کی گئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مزید تفتیش کے لیے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ متعلقہ افراد کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔
