بالی ووڈ میں اپنی اداکاری اور بے باک انداز کے لیے پہچانی جانے والی اداکارہ دیا مرزا نے معروف اداکار نواز الدین صدیقی سے متعلق ایک ایسی پوسٹ شیئر کردی جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
دیا مرزا نے نواز الدین صدیقی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ’ڈراؤنا خواب‘ قرار دیتے ہوئے ان کے رویے پر سوال اٹھائے۔
دیا مرزا نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے نواز الدین صدیقی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا:
’ان کے ساتھ کام کرنا ایک ڈراؤنا خواب ہے! نہ بات کرنے کی تمیز ہے اور رویہ تو الگ ہی لیول کا ہے، بالکل نامناسب شخصیت ہیں۔‘
Nightmare to work with! Na baath karne ki tameez hai, aur attitude alag hi level ka! Bilkul offensive character. @Nawazuddin_S
— Dia Mirza (@deespeak) November 18, 2026
اداکارہ کی یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے کہ آیا دیا مرزا واقعی نواز الدین صدیقی کے رویے سے ناخوش ہیں یا اس کے پیچھے کوئی تشہیری حکمت عملی ہے۔
دیا مرزا کی پوسٹ پر صارفین نے مختلف ردعمل دیے۔ بعض صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ واقعی سچ ہے؟
ایک صارف نے لکھا کہ یہ سب تشہیری مہم ہے اس لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں جبکہ ایک اور صارف کے مطابق نواز الدین صدیقی انتہائی احترام سے پیش آتے ہیں اور دیا مرزا بھی اچھی شخصیت کی مالک ہیں اس لیے ممکن ہے کہ یہ کسی نئے پروجیکٹ کی تشہیر ہو۔

رپورٹ کے مطابق دیا مرزا نے بھی اسی تبصرے کو پسند کیا جس کے بعد پوسٹ کے تشہیری مہم ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پوسٹ کو دیا مرزا اور نواز الدین صدیقی کی آنے والی میڈیکل ڈراما ویب سیریز ’ڈاکٹر حسن‘ سے بھی جوڑا ہے، رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی اس سیریز میں ڈاکٹر عمران حسن جبکہ دیا مرزا ڈاکٹر پلک جین کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
بعض مداحوں کا خیال ہے کہ دیا مرزا کی پوسٹ دراصل اسی سیریز کی تشہیری حکمت عملی ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق پوسٹ میں ’نامناسب شخصیت‘ جیسے الفاظ کا استعمال اور نواز الدین صدیقی کو براہ راست ٹیگ کرنا اس بات کا اشارہ ہوسکتا ہے کہ اداکارہ اپنے حقیقی تجربے کے بجائے کسی کردار کے حوالے سے بات کر رہی ہیں۔
تاہم ویب سیریز کے بنانے والوں نے تاحال اس کی باضابطہ تشہیر کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی دیا مرزا یا نواز الدین صدیقی نے اس پوسٹ کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری کی ہے۔
دیا مرزا آخری مرتبہ اگست میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سیریز ’آپریشن سفید ساگر‘ میں نظر آئی تھیں۔دوسری جانب نواز الدین صدیقی آنے والی فینٹسی ہارر فلم ’تمبباڈ 2‘ میں عالیہ بھٹ کے ساتھ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔
