پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پمز کے ڈاکٹر عارف خان اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی پر مشتمل ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔ اس دوران ڈاکٹروں کو جیل اسپتال کے عملے کی بھی معاونت حاصل تھی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اپنی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔ عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ کو لکھے گئے خط میں اپنی اور اہلیہ کی صحت پر تحفظات ظاہر کیے تھے جب کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بھی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔
ایک روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
عدالت نے اپنے حکم میں ہدایت کی تھی کہ اگر بشریٰ بی بی کو کسی ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہو تو ان کا اس سے علاج کرایا جائے، جب کہ ان کے جیل سیل کی صفائی کا خیال رکھنے اور جیل قوانین کے مطابق ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 18 نومبر کو بشریٰ بی بی کی علاج سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت کی تھی۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی موکلہ کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں مزید طبی علاج کی ضرورت ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے آنکھوں کی خرابی اور بینائی متاثر ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر مکمل طبی ریکارڈ کے حصول اور فوری علاج کے لیے 7 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں ایک حلف نامہ بھی جمع کرایا تھا جس میں بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ جنوری 2025 میں احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس (القادر ٹرسٹ کیس) میں عمران خان کو 14 سال جب کہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ دسمبر 2025 میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی بشریٰ بی بی کو 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یہ مقدمہ سعودی ولی عہد کی جانب سے مئی 2021 میں عمران خان کو تحفے میں دیے گئے قیمتی زیورات کے سیٹ کی خریداری سے متعلق تھا۔
عمران خان کا تین چیف جسٹسز کو خط
16 نومبر کو عمران خان کا چیف جسٹس پاکستان، وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے نام ایک کھلا خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا تھا۔
خط میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے علاج اور اہلِ خانہ سے ملاقات سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، جب کہ جیل میں تنہائی اور پابندیوں کا مقصد انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر توڑنا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے خط میں لکھا تھا کہ انہوں نے ملک کے 22ویں وزیرِ اعظم کی حیثیت سے پاکستان کی خدمت کی، لیکن بعد میں ان کے خلاف سیاسی انتقام کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ ان کے بقول وہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات کا قانونی طور پر مقابلہ کرتے رہے، تاہم عدالتی ریلیف عملاً غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
عمران خان نے خط میں اپنی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ جیل میں ان کا بلڈ پریشر بے قابو ہو چکا ہے اور انہیں دماغی شریان پھٹنے یا دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے بشریٰ بی بی کی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کی بینائی متاثر ہو رہی ہے اور مزید سرجری نہ ہونے کی صورت میں وہ مستقل طور پر بینائی سے محروم ہو سکتی ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس صاحبان سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور مناسب طبی علاج یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں کسی رعایت یا احسان کی ضرورت نہیں بلکہ صرف انصاف اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد چاہیے۔
واضح رہے کہ عمران خان گزشتیہ تین سال سے جیل میں قید ہیں، جب کہ ان کے خلاف مختلف عدالتوں میں متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔ ان کے وکلا کا مؤقف ہے کہ وہ کئی مقدمات میں بری ہو چکے ہیں یا ان کی سزائیں معطل یا کالعدم ہو چکی ہیں، تاہم متعدد مقدمات اب بھی زیرِ سماعت ہیں۔
عمران خان نے اپنے خط میں اپیل کی تھی کہ انہیں دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے زندہ رہ سکیں۔



