وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کے شعبے میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کارگو پورٹ قاسم پہنچ گیا۔
پاکستان میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) توانائی کا ایک اہم ذریعہ ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں قدرتی گیس کی پائپ لائنیں موجود نہیں۔ ملک کے دیہی، پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں لاکھوں گھرانے کھانا پکانے اور گھریلو ضروریات کے لیے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان میں ایل پی جی کی سالانہ طلب تقریباً 24 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ مقامی پیداوار روزانہ تقریباً 2 ہزار سے 2500 میٹرک ٹن بتائی جاتی ہے، اس فرق کو پورا کرنے کے لیے درآمدی کارگوز پر انحصار کیا جاتا ہے۔
15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی پر مشتمل کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا۔ نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں ایم ڈی ایس ایس ایل جواد علی خان، سرمد اسلم ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی ہدایات پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے مقامی مارکیٹ میں اس ایندھن کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی، حکومت کا مقصد درآمدی نظام کو مؤثر بنانا اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
Pakistan has received its first-ever 15,000-metric-tonne LPG cargo by sea, marking a major step towards reducing reliance on overland imports from Iran. https://t.co/7YEVlhVWy1
— Mohsin Ali (@Mohsin_o2) November 18, 2026
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی کی درآمد میں فعال کردار ادا نہیں کر رہی تھیں تاہم نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کے درآمدی کارگوز میں اضافے سے بالخصوص موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایندھن کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی جہاں قدرتی گیس کی سہولت محدود یا دستیاب نہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہوگی اور صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
اس موقع پر عمار شاہ، چیف ایگزیکٹو اینگرو ووپاک ٹرمینل نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے، انہوں نے اس پیش رفت کو ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم قرار دیا۔
موسم سرما میں سپلائی اور قیمتوں کا مسئلہ زیادہ نمایاں
اے پی پی کے مطابق ایل پی جی کے شعبے میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ، درآمدی اخراجات، ترسیل میں رکاوٹوں اور بعض اوقات مصنوعی قلت جیسے مسائل بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ بالخصوص موسم سرما میں طلب بڑھنے سے دور دراز علاقوں میں سپلائی اور قیمتوں کا مسئلہ زیادہ نمایاں ہوجاتا ہے۔
حکومت نے نومبر 2026ء میں ایل پی جی کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا، جن کے تحت سرکاری کمپنیوں کو بھی درآمدات میں فعال کردار دینے، مسابقت بڑھانے اور سپلائی کا نظام بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔
18 نومبر 2026ء کو ایس ایس جی سی ایل نے 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا ریکارڈ کارگو پورٹ قاسم کے اینگرو ووپاک ٹرمینل پر پہنچایا۔ حکومت کے مطابق اس اقدام سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے، درآمدی سپلائی بڑھانے اور صارفین کو قیمتوں میں ریلیف دینے میں مدد مل سکتی ہے۔



