پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد موسیقی میں واپسی کا اعلان کیا ہے ۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کینسر کی تشخیص کے بعد پیش آنے والی مشکلات اور علاج سے متعلق صحافیوں کو بتایا۔
گلوکار شفقت امانت علی نے کہا کہ انہیں ملٹی پل مائلوما کی تشخیص ہوئی تھی جو ایک تکلیف دہ مرحلہ تھا۔ بروقت علامات کا علم ہونے کے بعد انہوں نے کراچی میں ڈاکٹر سلمان عادل سے علاج کروایا جس دوران انہیں ایک سال تک بیڈ ریسٹ پر رہنا پڑا۔
شفقت امانت علی نے کہا کہ کیموتھراپی ختم ہوتے ہی انہوں نے لاہور میں پرفارم کیا اور اس کے بعد سے مسلسل پرفارم کر رہے ہیں۔
نجی گروپ کے تحت ہونے والے کنسرٹس کے اعلان کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ وہ28 نومبر کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں پرفارم کریں گے۔
میوزیشن احسن باری کے مطابق کنسرٹ کے لیے 16 میوزیشنز پر مشتمل ٹیم پچھلے 2 ماہ سے ریہرسل کر رہی ہے جس میں گمبی، کامران ظفر منو اور کیتھ بینجمن بھی شامل ہیں۔ کراچی کے بعد اسلام آباد اور لاہور میں بھی کنسرٹس منعقد کیے جائیں گے۔
شفقت امانت علی کا تعلق موسیقی کے نامور پٹیالہ گھرانے سے ہے۔ انہیں پاکستان اور بھارت میں گیت ’خمّاج‘ سے غیر معمولی شہرت ملی۔
انہوں نے بالی ووڈ میں بھی پلے بیک سنگر کے طور پر کامیابی حاصل کی۔ 2006 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کے مقبول گیت ’متوا‘ میں بھی انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
