سندھ کابینہ نے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کو صنعتی شعبے کا درجہ دینے اور معدنی وسائل پر صوبائی حکومت کا اختیار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ گندم کے کاشتکاروں کیلیے 16 ارب 90 کروڑ روپے کے امدادی پروگرام سمیت دیگر اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس ایس آئی یو ٹی کے آنکولوجی کمپلیکس کیلیے مزید ڈیڑھ ارب روپے جاری کرنے، لاڑکانہ میں ساڑھے 13 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے 200 بستروں کے یورولوجی اسپتال کی تعمیر اور تھرپارکر میں ماں اور بچے کی صحت کے 9 مراکز مزید 3 سال تک جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی نامزدگی کمیٹی کیلیے ڈاکٹروں کے ناموں اور تھرپارکر اور عمرکوٹ کے خشک سالی سے متاثرہ 2 لاکھ 73 ہزار 666 خاندانوں کیلیے امدادی پیکج منظور کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ کابینہ نے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سرکاری زمین کی شفاف الاٹمنٹ یقینی بنانے کیلیے قانونی ترامیم تین ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبوں کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے، تاہم کسی کے خلاف کفر کے فتوے نہیں دینے چاہییں۔ سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ شہر میں کشیدگی پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ 29 نومبر کو ایک قوم پرست جماعت نے صوبوں کیخلاف جبکہ ایم کیو ایم نے صوبوں کے حق میں ریلی کا اعلان کر رکھا ہے۔ دونوں جماعتوں سے رابطہ کرکے درخواست کریں گے کہ فی الحال جلوس نہ نکالیں۔ ان معاملات کے فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمان میں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، پیپلز پارٹی کبھی ہتھیار اٹھانے، تشدد یا انتشار کی بات نہیں کرتی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم عجیب و غریب پریس کانفرنسز کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کے بیان پرعطاء اللہ تارڑ کا جوابی بیان احمقانہ ہے، یہ کہتے ہیں کہ آپ اسٹیک ہولڈر تو ہو لیکن اس معاملہ پر کوئی بات نہ کرے۔ یپلز پارٹی کو اسٹیک ہولڈر تسلیم کرنے کے باوجود بات کرنے سے روکا جا رہا ہے، پارلیمان میں برابر کی اسٹیک ہولڈر جماعت کو حکومتی فیصلوں اور مشاورت میں شامل کرنا چاہیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ برابر کا اسٹیک ہولڈر قرار دے کر فیصلوں اور مشاورت سے باہر رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے، اسٹیک ہولڈر جماعت کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے میں کیا مسئلہ ہے؟، حکومت یکطرفہ فیصلوں کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وزراء کے بیانات اور طرز سیاست پر سنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو نے اپنی بات کا پس منظر اور مقصد واضح کر دیا ہے، بلاول نے دھمکی نہیں دی بلکہ کراچی کے زمینی حقائق اور ماضی کے حالات سے آگاہ کیا، کراچی کے ماضی کے حالات شہر کے عوام آج بھی نہیں بھولے، بانی ایم کیوایم کی ہڑتال کی کال پر کراچی میں روزانہ 30 سے 40 لاشیں گرتی تھیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ماضی میں خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال کراچی میں ہونے والے تشدد اور ہلاکتوں کا دفاع کرتے تھے، مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات عائد کیے تھے، مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی کو دشمن ملک کا ایجنٹ قرار دیا تھا، خالد مقبول صدیقی نے پاکستانی پاسپورٹ کی بے حرمتی کی تھی، آج وہی مصطفیٰ کمال، خالد مقبول صدیقی کی چیئرمین شپ میں بیٹھے ہیں، میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا، مصطفیٰ کمال کے اپنے بیانات ریکارڈ پر ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے واضح طور پر کہا ہے کہ آپ بھٹو خاندان کو جانتے ہیں، پیپلز پارٹی کبھی تشدد کی سیاست نہیں کرتی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کیلیے قربانیاں دی ہیں، اس ملک کو جمہوری نظام دینے اور عوام کو حقوق دلانے میں پیپلز پارٹی کا تاریخی کردار ہے، پیپلز پارٹی نے اس ملک کو وہ سب کچھ دیا جس کی سزا پیپلز پارٹی کو ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بم دھماکا کراچی میں ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں جیالے شہید ہوئے، محترمہ بینظیر بھٹو دہشتگردی کیخلاف مسلسل آواز اٹھاتی رہیں، بینظیر بھٹو نے واضح اعلان کیا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے، وہ سوات میں پاکستان کا پرچم ضرور لہرائیں گی، اس وقت سوات دہشتگردوں کے قبضے میں تھا اور وہاں پاکستان کا پرچم لہرانا بڑا چیلنج تھا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں کراچی کے لیے مزید 500 بسوں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ کراچی سیف سٹی منصوبے کے بعض مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ ایک سال کے دوران شہر میں ایک ہزار سے زائد بسیں فراہم کی جائیں گی۔



