الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے بیان میں انتخابی معاملات سے متعلق بنیادی حقائق کو نظر انداز کیا گیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت مخصوص نشستوں کا حق صرف ان سیاسی جماعتوں کو حاصل ہے جو انتخابی عمل میں شریک ہوں اور انتخابات سے قبل خواتین اور اقلیتوں کیلیے اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرست جمع کرائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے میں اپوزیشن کو اس کے حق سے محروم کیا گیا، نہ صرف نشستیں چھینی گئیں بلکہ انہیں حکومتی جماعتوں نے اپنے حصے میں شامل کر لیا۔ مخصوص نشستوں کی بنیاد پر 2 آئینی ترامیم منظور کی گئیں اور اب تیسری ترمیم پر غور کیا جا رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ حکومت اگر اپوزیشن کی مخصوص نشستیں بغیر کسی پیشگی شرط کے واپس کر دے تو اس سے سیاسی نظام پر اعتماد کی بحالی میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بلاول کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ٹی آئی نے کوئی فہرست جمع نہیں کرائی تھی، آزاد ارکان اور جنرل نشست نہ جیتنے والی جماعتیں مخصوص نشستوں کی اہل نہیں ہوتیں۔
کمیشن کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی نظرثانی درخواستوں پر سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے جولائی 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔ آئینی بینچ کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کا معاملہ حتمی طور پر طے پا چکا ہے، الاٹ ہونے والی مخصوص نشستوں سے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں آج بھی مستفید ہو رہی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن ایکٹ سیکشن 208 اور 209 کے تحت انتخابی نشان کا حصول شفاف انٹرا پارٹی الیکشن سے مشروط ہے۔ پی ٹی آئی 30 جون 2021کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی تھی۔
خیال رہے 2024 کے عام انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرکے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے حصول کیلیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے یکم مارچ 2024 کو سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کیلیے مقررہ وقت میں ترجیحی فہرست جمع نہیں کرائی تھی، لہٰذا وہ ان نشستوں کی اہل نہیں۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سنی اتحاد کونسل نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، تاہم عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔ بعد ازاں 12 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دیا، لیکن مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواستوں پر جون 2025 میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے یہ فیصلہ کالعدم قرار دے کر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بحال کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے اور عدالتی کارروائی کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں ان کی جنرل نشستوں کی کامیابی کے تناسب سے تقسیم کی گئیں۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 14، پیپلز پارٹی کو 5 اور جے یو آئی (ف) کو 3 مخصوص نشستیں ملیں۔ جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی (ف) کو 10، مسلم لیگ (ن) 7، پیپلز پارٹی 7 اور اے این پی کو ایک نشست دی گئی۔
اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 23، پیپلز پارٹی 2 اور مسلم لیگ (ق) کو ایک جبکہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو 2 اور ایم کیو ایم پاکستان کو ایک نشست ملی۔



