کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ میر رضا کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے ملاقات کرکے انہیں اب تک کی تفتیشی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کہا کہ وہ میر رضا کے اہلخانہ سے ملاقات اور انہیں تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنے آئے تھے۔ کیس کی تفتیش تکنیکی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور کوشش ہے کہ تحقیقات کے وہ تمام پہلو بھی دیکھے جائیں جو ابتدائی تفتیش کے دوران نظرانداز ہوگئے تھے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں پولیس کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد میں وافلیکس برانچ سے ملنے والے اسلحے کا فرانزک کرایا جارہا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔
اس موقع پر میر رضا کے والد نے کہا کہ جو کام اب کیا جارہا ہے، اگر ابتدائی تحقیقاتی ٹیم یہی کام کرلیتی تو بہتر ہوتا، انہیں جے آئی ٹی پر اعتماد ہے اور امید ہے کہ اب تحقیقات تیزی سے آگے بڑھیں گی۔
میر رضا کیس کا پس منظر
میر رضا علی کراچی کے نوجوان کاروباری شخصیت اور فوڈ برانڈ وافلیکس کے مالک تھے۔ وہ 28 جولائی 2026 کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں اپنی رہائش گاہ سے لاپتا ہوگئے تھے، جبکہ اگلے روز 29 جولائی کو ان کی لاش گلستان جوہر میں جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے کے سامنے جھاڑیوں سے ملی تھی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا تھا تاہم میر رضا کے اہلخانہ نے پولیس کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے قتل کا خدشہ ظاہر کیا اور تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے لاش کی دوبارہ قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آنے والے شواہد کے مطابق میر رضا کی موت گولی لگنے سے ہوئی تھی، جس کے بعد مقدمے میں قتل اور شواہد ضائع کرنے سے متعلق دفعات بھی شامل کی گئیں۔
عدالتی کمیشن کی رپورٹ اور جے آئی ٹی کی تشکیل
معاملے کی تحقیقات کے لیے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کیا گیا، جس نے 20 اکتوبر کو اپنی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں ابتدائی پولیس تفتیش میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی سفارش کی گئی۔
سندھ حکومت نے 28 اکتوبر کو ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی، جس میں آئی ایس آئی، آئی بی، سندھ رینجرز اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے نمائندے بھی شامل کیے گئے۔
جے آئی ٹی کو موبائل فونز، اسمارٹ واچ، آئی کلاؤڈ، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر ڈیجیٹل و فرانزک شواہد کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
تحقیقات کے دوران 12 نومبر کو جے آئی ٹی نے نارتھ ناظم آباد میں وافلیکس کی ایک برانچ سیل کرکے وہاں سے اہم ریکارڈ اور ایک لائسنس یافتہ پستول تحویل میں لیا تھا جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا۔
اس حوالے سے کاروباری پارٹنر احمد بھردے کے اہلخانہ کا مؤقف ہے کہ برآمد ہونے والا پستول ان کے ذاتی استعمال کا نہیں بلکہ سکیورٹی گارڈ کا ہے اور متعلقہ برانچ 29 جولائی سے بند تھی۔
عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کو مزید مہلت
13 نومبر کو کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے جے آئی ٹی کو تحقیقات مکمل کرنے اور حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مزید دس روز کی مہلت دی تھی۔
کیس کی تحقیقات میں اب اسلحے کے فرانزک تجزیے، ڈیجیٹل شواہد اور ابتدائی تفتیش میں رہ جانے والے پہلوؤں پر توجہ دی جارہی ہے، میر رضا کے اہلخانہ نے جے آئی ٹی سے امیدیں وابستہ کرلی ہیں، تاہم قتل کے اصل محرکات اور ذمہ دار افراد کی نشاندہی تاحال ہونا باقی ہے۔


