امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز میں دریائے مسیسیپی میں آئل ٹینکر سے تصادم کے نتیجے میں لگژری کروز شپ الٹ کر ڈوب گیا، جہاز ڈوبنے سے درجنوں مسافر دریا میں جا گرے، 32 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نیو اورلینز کی میئر ہیلینا مورینو نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں کروز شپ میں سوار 32 مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں۔ انہوں نے حادثے کو دریائے مسیسیپی میں معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
میئر کے مطابق امریکی کروز لائنز کے لگژری پیڈل وہیلر جہاز ’امریکن ہیریٹیج‘ میں تقریباً 180 سے 190 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ جہاز میں 150 مسافروں کی گنجائش تھی اور اسے 2015 میں تیار کیا گیا تھا۔
ہیلینا مورینو نے بتایا کہ حادثہ دوپہر کے قریب پیش آیا جب ’اٹلانٹک اسفالٹ‘ نامی ٹینکر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور کنارے پر کھڑے کروز شپ سے ٹکرا گیا۔ جس کے بعد کروز شپ ایک جانب جھک کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد دریا میں جا گرے۔
All passengers and crew members aboard a river cruise ship that capsized after a tanker collision in New Orleans on Friday were accounted for, with 32 people hospitalized but none critically injured, according to Mayor Helena Moreno https://t.co/9AHNPKQ1LG https://t.co/gXpA0kjI79
— Bloomberg (@business) November 14, 2026
نیو اورلینز کے ہاربر پولیس چیف میلانی مونٹرول کے مطابق کروز شپ کے الٹنے سے قبل تقریباً 87 مسافر جہاز سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
میئر نے کہا کہ مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں کے اہلکاروں، فائر فائٹرز، بندرگاہ کے عملے اور دیگر کشتیوں پر موجود افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دریا میں گرنے والے مسافروں کو بچایا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ تصادم کے بعد حادثے کے مقام کے قریب دریائے مسیسیپی میں تمام بحری آمدورفت معطل کر دی گئی۔
کوسٹ گارڈ کیپٹن میلانی برنہم نے نیو اورلینز ایڈووکیٹ کو بتایا کہ ابتدائی طور پر ٹینکر جہاز کے اسٹیئرنگ سسٹم میں خرابی کا شبہ ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ جاننے کیلیے تحقیقات جاری ہیں۔
امریکن کروز لائنز کا کہنا ہے کہ کمپنی حادثے سے متعلق امریکی کوسٹ گارڈ اور مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحری جہازوں کے تصادم کے بعد امدادی کارروائیوں پر کوسٹ گارڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور امدادی کارکنوں نے بھی شاندار کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بڑے حادثے میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا، 32 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں، صدر ٹرمپ نے مشکل صورتحال میں بہترین قیادت پر گورنر جیف لینڈری کا بھی شکریہ ادا کیا۔


