سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے سخت سکیورٹی میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
جیل ذرائع کے مطابق اسپتال میں عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، ان کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور کولیسٹرول اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے ان کی پہلے سے تجویز کردہ ادویات کا جائزہ لیا اور مزید ادویات بھی تجویز کیں۔
طبی معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں سال 18 اگست کو سپریم کورٹ نے عمران خان کو 48 گھنٹوں کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت میں پیش کی گئی طبی رپورٹس کے مطابق ان کے وائٹل آرگنز متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
عدالتی حکم کے بعد 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب شفا انٹرنیشنل اسپتال کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس نے اسپتال جانے والے راستے رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کے لیے بند کر دیے تھے جبکہ سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں کو بھی لفٹرز کے ذریعے ہٹا دیا گیا تھا۔ آئی جی اسلام آباد نے اسپتال کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا تھا۔
اس وقت ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے معائنے کے بعد عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی جبکہ پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اپنے ایک بیان میں انکشاف بھی کی تھی کہ عمران خان کا طبی معائنہ شفا انٹرنیشنل کے بجائے پمز اسپتال میں کیا گیا جہاں شفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں، قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لے جایا گیا۔ ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔ ان کی ہمشیرہ محترمہ عظمیٰ خان، طبی معائنے / علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ یہ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں 21 اگست 2026 کی صبح تقریباً 0500 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) August 21, 2026
ایکس پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے دعویٰ کیا تھا کہ طبی معائنے میں عمران خان صحت مند پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس وقت انہوں نے اسپتال کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
