امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو جان سے مارنے کی مبینہ ایرانی دھمکیوں کے بعد واشنگٹن میں ان کی رہائش گاہ سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینئر انٹیلی جنس عہدیدار نے ایک میمو میں خبردار کیا تھا کہ امریکی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف ایران کی کارروائیاں اور حملوں کی منصوبہ بندی نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2 باخبر ذرائع نے اسکاٹ بیسنٹ کی فوجی اڈے منتقلی کی تصدیق کی ہے۔ قبل ازیں نیویارک ٹائمز نے بیسنٹ کی فوجی اڈے پر منتقلی کی خبر دی تھی۔
یاد رہے کہ اسکاٹ بیسنٹ اگست سے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور معاشی دباؤ کی مہم کی قیادت کر رہے ہیں جسے ’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ایران کو بحری جہازوں پر حملوں سے روکنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے۔ یہ اہم بحری گزرگاہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد سے بڑی حد تک بند ہے۔
ایران کے خلاف معاشی دباؤ کی یہ مہم ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کے ساتھ جاری ہے۔ اس کے تحت مشرق وسطیٰ میں ان بینکوں کی شاخوں اور دیگر مالیاتی اداروں پر پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں جو ایران کے ساتھ مالی لین دین میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے ای میل کے ذریعے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیر خزانہ ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور ’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘ اور بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کے بقول یہ دونوں اقدامات مل کر ایران کی معیشت کو تباہ کر رہے ہیں۔
سکیورٹی خدشات کب پیدا ہوئے؟
معاملے سے واقف ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ بیسنٹ کی سکیورٹی سے متعلق خدشات اس وقت پیدا ہوئے جب وال اسٹریٹ جرنل نے واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ کی فضائی تصویر شائع کی۔ بیسنٹ نے جنوری 2025 میں وزیر خزانہ کی حیثیت سے توثیق کے کچھ عرصے بعد یہ گھر 12.5 ملین ڈالر میں خریدا تھا۔
ذرائع کے مطابق فضائی تصویر سے بیسنٹ کے گھر کا درست مقام معلوم کرنا ممکن ہو گیا تھا جس کے بعد ان کی حفاظت کے پیش نظر انہیں فوجی اڈے منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری عہدیداروں کو درپیش خطرات کے دوران ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
ایران ماضی میں امریکی سرزمین پر حکام اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام کا بھی ماننا ہے کہ ایران کے پاس امریکا اور دیگر بیرون ملک علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ جنگ کا آغاز اکتوبر 2023 میں حماس کے اسرائیل پر حملے سے ہوا جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کی۔ اس جنگ کے دوران غزہ میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ لبنان بھی اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کی لپیٹ میں آیا اور مارچ 2026 میں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد یہ تنازع مزید پھیل گیا۔
28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے شروع کیے جن میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت اعلیٰ ایرانی عہدیدار شہید ہوئے۔ ایران نے جواباً اسرائیل اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جبکہ 2 مارچ کو حزب اللہ کی اسرائیل پر کارروائیوں کے بعد اسرائیل نے لبنان میں بھی حملے تیز کر دیے۔ رائٹرز کے مطابق ستمبر 2026 تک لبنان میں ان حملوں کے نتیجے میں 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 12 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے تھے جبکہ 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد بے گھر تھے۔



