امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں تقریباً 24 گھنٹے تک جنگل میں دفن رہنے والے 11 ماہ کے شیر خوار بچے کو زندہ سلامت برآمد کر لیا گیا۔
لیکسنگٹن کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 11 ماہ کے کمسن بچے کو تولیے میں لپیٹ کر چھوٹے سے پنجرے کے اندر لٹایا کر اس پنجرے کو جنگل میں دفنایا گیا تھا۔
لیکسنگٹن کاؤنٹی کے شیرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس واقعے پر جذباتی انداز میں کہا: ”بے شک خدا بہت مہربان ہے۔ ابھی چند لمحے قبل ہمیں دفن کیا گیا 11 ماہ کا ننھا بچہ زندہ حالت میں ملا جو زندگی کی جنگ لڑتے ہوئے رو رہا تھا۔“
ان کا کہنا تھا بچے کو نکالتے ہوئے جب اس کے رونے کی آواز سنائی دی تو ہماری خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں رہا۔
شیرف نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بچہ ایک روز قبل اس وقت لاپتہ ہوا جب اس کی والدہ اسے اپنے شوہر کے پاس چھوڑ کر کسی کام سے باہر گئی تھیں۔
#UPDATE: Law Enforcement is searching tirelessly for Koah Sharpe, 11 months, near Batesburg-Leesville. He is a bright boy with reddish blond hair, blue eyes, approximately 20 pounds.
Read more >> https://t.co/HmwSFZbvCY https://t.co/iKIoYgOV94
— Lexington Sheriff (@LCSD_News) November 10, 2026
بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملتے ہی حکام نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔
سرچ پارٹی کو بچے کے دادا کے گھر سے تقریباً 50 گز کے فاصلے پر جنگل میں ”تازہ کھدی ہوئی مٹی“ نظر آئی جسے کھودنے پر پنجرے میں بند معصوم بچہ زندہ مل گیا۔
شیرف کے مطابق بچے کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور امید ہے کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائے گا۔
شیرف نے بچے کی تلاش میں حصہ لینے والے 100 سے زائد افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ”ہمیں 11 ماہ کے اس معصوم بچے کے زندہ مل جانے پر خوشی منانی چاہیے۔“
پولیس کے مطابق بچے کا 25 سالہ والد چوری اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات میں پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ پولیس اس پر مزید دفعات عائد کرنے پر کام کر رہی ہے۔
