خیبرپختونخوا حکام نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور خودکش بمبار کو تربیت دینے والے ایک افغان دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پشاور میں ایڈیشنل آئی جی پولیس عباس احسن اور سیکرٹری اطلاعات ایریا ڈویلپمنٹ سیکٹر محمود جان نے پریس کانفرنس کے دوران افغان دہشت گرد کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ اس جنگ میں ہمارے صوبے، قوم اور پشتونوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کا سینہ تان کر مقابلہ کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔
ان کے بقول اس دہشت گردی میں سرحد پار افغان سرزمین استعمال ہوتی آ رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بتایا کہ “ہمیں ایک بریک تھرو ملا ہے اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک ’دہشت گرد خارجی‘ حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو گرفتار کرلیا ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ یہ دہشت گرد تیراک وادی سے ہوتا ہوا آیا تھا جہاں پشاور کے قریب سے اسے گرفتار کیا گیا۔
ان کے بقول دہشت گرد کو ہیومن ریسورس، انٹیلی جنس، الیکٹرانک سرویلنس کے مختلف طریقے استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار دہشت گرد کون ہے؟
گرفتار دہشت گرد کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ حکمت اللہ کو 7 نومبر کو گرفتار کیا گیا اور اس کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا کے علاقے چمکنی کے گاؤں منگیار سے ہے۔
انہوں نے بتایا، ”گرفتار دہشت گرد سے تفتیش کے دوران بہت سے انکشافات ہوئے ہیں۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اس کے پاکستان اور افغانستان میں کون کون سہولت کار رہے ہیں۔ اس نے افغانستان میں کہاں کہاں تربیت لی ہے اور کہاں سے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔“
عباس احسن کے بقول یہ خارجی سابقہ افغان نیشنل آرمی میں بھی کام کر چکا ہے اور 3 ماہ کی عسکری تربیت حاصل کر چکا ہے، اس کے علاوہ اس نے 3 ماہ تک افغان آرمی کے ساتھ کمانڈو ٹریننگ بھی حاصل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان آرمی کے خاتمے کے بعد حکمت اللہ نے مختلف مدارس میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے وہاں دوبارہ تربیت شروع کی اور لوگوں سے روابط رکھے تاکہ پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی پھیلا سکے۔
گرفتار دہشت گرد سے متعلق ایڈیشنل آئی جی نے مزید بتایا کہ جلال آباد کے قریب خالد بن ولید مدرسے میں اس دہشت گرد نے ایک اکرمہ نامی ایک طالب علم کو خودکش بمبار کی تربیت دی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گرفتار دہشت گرد کے سابقہ گل بہادر گروپ سے تعلق اور روابط رہے ہیں جب کہ اس گروپ کے ایک کمانڈر منصور کا یہ ذاتی محافظ بھی رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خارجی کے پاکستان اور سرحد پار افغانستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ بھی تعلقات ہیں۔
گرفتار دہشت گرد کا ویڈیو بیان
پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی نے گرفتار دہشت گرد کا ایک ویڈیو بیان میں چلایا جس میں دہشت گرد حکمت اللہ نے بتایا کہ وہ 2017 میں طالبان دور میں زخمی ہوا اور 6 مہینے تک بستر پر پڑا رہا جس کے بعد وہ درس و تدریس کے کام میں لگ گیا۔
حکمت اللہ نے انکشاف کیا کہ اس کے بعد اس کا مفتی مزمل سے رابطہ ہوا اور ایک سال تک ان سے رابطہ رہا جس کے بعو وہ جلال آباد چلا گیا جہاں توحید چوک پر احمدیہ مدرسے گیا اور وہاں حجرے میں ایک رات گزاری، اس کے بعد وہ مدرسہ خالد بن ولید مدرچلا گیا جہاں اس نے درس و تدریس کا کام کیا۔
ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد نے اعتراف کیا کہ مدرسہ خالد بن ولید میں اکرمہ نامی ایک شاگرد کو انہوں نے خودکش بمبار کے طور پر تیار کیا۔ بعد ازاں ایک سال گزرگیا اور مفتی مزمل نے ایک تشکیل کی جس کے ساتھ میں بھی آ گیا۔
حکمت اللہ نے مزید بتایا کہ بعد ازاں وہ ساتھیوں کے ہمراہ جلال آباد چلا گیا جہاں انہوں نے 4 دن گزارے، اس کے بعد وہ کوٹ ولسوالی چلے گئے اور وہاں سے پیدل سپین غر پہنچے۔
گرفتار دہشت گرد نے بتایا کہ وہ اور اس کے ساتھی سپین غر سے نیچے اتر کر پاکستان پہنچے جہاں ایک جگہ پوسٹوں کے قریب پھنس گئے لیکن پھر وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
اپنے روٹ کے بارے میں گرفتار دہشت گرد نے مزید بتایا کہ اس کے بعد وہ اور اس کے ساتھی چرغو چینہ گئے جہاں سے دوربی خیل اور پھر آدم خیل چلے گئے۔ اس کے بعد ایک چیک پوسٹ پر لڑائی کی لیکن حملے کے دوران وہ اور اس کے ساتھی تتر بتر ہوگئے اور بالاآخر پکڑے گئے۔
’راستے میں ایک فوجی کو سلام بھی کیا‘
ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد کا چیک پوسٹ پر حملے سے متعلق بھی بیان چلایا گیا جس میں حکمت اللہ کا کہنا تھا کہ جب ہم آدم خیل پہنچے اور ہم نے پوسٹ پر حملے کے لیے حرکت کی تو اس وقت ’فدائی‘ اکرمہ بھی ہمارے ساتھ تھا۔
دہشت گرد نے مزید بتایا، ‘ہم نے پوسٹ پر کارروائی کی تو ہمیں کامیابی نہیں مل سکی اور اندھیرے کے باعث ہم پر گھیرا تنگ ہوگیا۔ اس کے بعد ہم وہاں سے بھاگ گئے اور ایک ’فدائی‘ صدام ابوذر کے گھر رات گزاری۔’
’صبح سویرے جب ہم وہاں سے نکلے تو ہم نے حلیہ تبدیل کرلیا تھا اور بال کاٹ لیے تھے۔ اس دوران راستے میں ہمیں ایک فوجی ملا جسے ہم نے سلام بھی کیا، بعد ازاں حکومت نے ہمیں حراست میں لے لیا۔‘
’جلد پورا نیٹ ورک پکڑیں گے‘
پریس کانفرنس میں سیکریٹری اطلاعات محمود جان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی ذمہ داری بچے بچے نے لے لی ہے اور اب اتنا آسان نہیں کہ یہاں آکر کوئی کارروائی کرے گا اور بچ کر جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد سے ابھی تفتیش جاری ہے اور ویڈیو میں بھی دیکھا کہ اس دہشت گرد نے ایک سکیورٹی پوسٹ پر حملے کی کوشش کی اور اسی دوران ہم نے اسے گرفتار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمت اللہ کے ساتھ ایک خودکش بمبار اکرمہ بھی تھا، ہم اس کو تلاش کر رہے ہیں اور بہت جلد اسے گرفتار کرکے پورا نیٹ ورک پکڑیں گے۔
ان کے بقول ’افغانستان خارجیوں کے فتنے کے لیے ہر قسم کی سہولت کاری فراہم کر رہا ہے، وہاں کھلے عام بھرتیاں ہوتی ہیں، کھلے عام ہمارے خلاف جنگ کی ترغیب ہوتی ہے اور کھلے عام پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی ہوتی ہے۔‘



