معروف امریکی ٹی وی سیریز ’پریزن بریک‘ میں جیل وارڈن کا کردار ادا کرنے والے مشہور ہالی ووڈ اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹیسی کیچ کا انتقال منگل کو پولینڈ میں ہوا۔ ان کی اہلیہ مالگوشیا ٹوماسی نے امریکی شوبز جریدے ورائٹی کو بتایا کہ وہ طویل عرصہ سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔
اسٹیسی کیچ نے 2005 میں شروع ہونے والی ٹی وی سیریز ’پریزن بریک‘ کے پہلے اور دوسرے سیزن میں فاکس ریور جیل کے وارڈن ہنری پوپ کا کردار ادا کیا تھا۔ وہ ’ٹائٹس‘ اور ’ٹو اینڈ اے ہاف مین‘ سمیت متعدد ٹی وی سیریز میں بھی نظر آئے۔
ان کا سب سے نمایاں کردار پرائیویٹ جاسوس مائیک ہیمر کا تھا جسے انہوں نے معروف مصنف مکی اسپیلین کے ناولوں پر مبنی ٹی وی سیریز میں ادا کیا۔ ’دی نیو مائیک ہیمر‘ 1980 کی دہائی میں نشر ہوئی جبکہ انہوں نے 1997 سے 1998 تک ’مائیک ہیمر، پرائیویٹ آئی‘ میں بھی یہ کردار نبھایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 4 ٹی وی فلموں میں مائیک ہیمر کا کردار ادا کیا اور ناولوں کی آڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔
اسٹیسی کیچ نے 2013 میں شائع ہونے والی اپنی سوانح عمری ’آل اِن آل: این ایکٹرز لائف آن اینڈ آف دی اسٹیج‘ میں لکھا تھا کہ وہ ہمیشہ مائیک ہیمر ہی رہیں گے۔ ان کے بقول بعض کردار اداکار کی پہچان بن جاتے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ مائیک ہیمر ان کی پہچان بنا۔

اسٹیسی کیچ کو امریکی ادیب اور نوبیل انعام یافتہ ارنسٹ ہیمنگوے کا کردار ادا کرنے پر بھی خاصی شہرت ملی۔ انہوں نے 1988 کی ٹی وی منی سیریز ’ہیمنگوے‘ میں معروف ادیب کا کردار ادا کیا جس پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ ملا اور وہ ایمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئے۔
انہوں نے ٹیلی ویژن اور فلموں میں درجنوں کردار ادا کیے جن میں ٹی وی منی سیریز ’جیزس آف نازریتھ‘ میں براباس اور ڈرامے ’فراسٹ/نکسن‘ میں سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کا کردار بھی شامل تھا۔
ان کی فلموں میں ’فیٹ سٹی‘، ’دی نیو سینچورینز‘، ’دی لائف اینڈ ٹائمز آف جج رائے بین‘، ’امریکن ہسٹری ایکس‘ اور اپنے بھائی جیمز کیچ کے ساتھ ’دی لانگ رائیڈرز‘ شامل ہیں۔ انہوں نے کامیڈی فلموں ’اپ اِن اسموک‘ اور ’نائس ڈریمز‘ میں بھی کام کیا۔
اسٹیسی کیچ 2 جون 1941 کو امریکی ریاست جارجیا کے شہر سوانا میں پیدا ہوئے اور جنوبی کیلیفورنیا میں پرورش پائی۔ بچپن میں ان کے ہونٹ اور تالو میں پیدائشی نقص کے باعث کئی سرجریاں ہوئیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ بچوں کی جانب سے مذاق اڑائے جانے پر انہیں تکلیف ہوتی تھی تاہم اسی تجربے نے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے اور مختلف شعبوں میں خود کو منوانے کا حوصلہ دیا۔



