سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے اتحاد نے سعودی عرب کے تیل کے ذخائر سے مالا مال مشرقی صوبے میں ایک ڈرون کو فضا میں روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی اتحاد نے اتوار کو بھی دارالحکومت ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے 2 کروز اور 2 بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اسی روزمشرقی صوبے کے مختلف علاقوں میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو الرٹ جاری کیے گئے تھے۔
اعتراض وتدمير طائرة مسيرة بالمنطقة الشرقية. https://t.co/bp4hq1oNrI
— المتحدث الرسمي باسم قوات التحالف (@CJFCSpox) November 10, 2026
سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق ان حملوں میں ریاض میں آرامکو کی ایک عمارت کو حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ پاکستان نے حوثیوں کے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کا مشرقی صوبہ ملک کی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے جہاں تیل اور گیس کے بیشتر ذخائر موجود ہیں۔ سعودی تیل کمپنی آرامکو کا صدر دفتر بھی اسی علاقے میں قائم ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت آئی ہے۔ 21 اکتوبر کو مشرقی صوبے میں دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور آرامکو کے شیبہ آئل فیلڈ پر الگ الگ حملوں میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
اس سے قبل سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ اکتوبر کے دوران ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی 20 کوششیں کی گئیں جن میں 17 افراد جاں بحق اور 333 زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2015 میں یمن کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے حق میں حوثیوں کے خلاف عرب اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے فوجی کارروائی شروع کی تھی۔
دونوں فریقوں کے درمیان 2022 میں اقوام متحدہ کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی نے بڑی حد تک لڑائی روک دی تھی تاہم جولائی 2026 میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے جھڑپوں میں دوبارہ شدت آگئی۔



