عرب خلیج میں متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود کے اندر سرکاری کمپنی ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ایڈنوک) کے ایک آئل ٹینکر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا جبکہ دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ لگنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ واقعات خطے میں آبنائے ہرمز کے کنٹرول اور بحری نقل و حرکت پر امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران پیش آئے ہیں۔
برطانوی اخبار دی نیشنل کے مطابق حملہ منگل کی سہ پہر متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں ہوا۔ کمپنی نے تاحال جہاز کی شناخت، نقصان کی نوعیت اور عملے کے ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مزید معلومات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران نے آبنائے ہرمز، عمان کے ساحل اور متحدہ عرب امارات کے قریب مختلف جہازوں پر حملوں کے دعوے کیے ہیں۔ تہران بعض واقعات کا ذمہ دار سمندری بارودی سرنگوں کو قرار دیتا رہا ہے جبکہ تجارتی اور غیر فوجی جہازوں کو نشانہ بنانے پر ایران کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ایڈنوک لاجسٹکس اینڈ سروسز نے تصدیق کی ہے کہ منگل کی سہ پہر اماراتی سمندری حدود میں حملے کے نتیجے میں اس کے ایک جہاز کو نقصان پہنچا۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں حملے کا شکار ہونے والا ایڈنوک کا جہاز ان دو آئل ٹینکرز میں شامل تھا جن کے بارے میں ایران کے پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں آگ لگنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دونوں واقعات کے درمیان کسی تعلق کی بھی تصدیق نہیں ہوئی۔
آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز میں آگ لگنے کا ایرانی دعویٰ
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے مبینہ طور پر غیر مجاز راستوں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکرز بڑے دھماکوں کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق دونوں جہازوں کو روک دیا گیا ہے اور وہ جل رہے ہیں۔ ایرانی فورسز نے ان جہازوں کے نام، پرچم اور آپریٹر کمپنیوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں جبکہ عملے کی صورتحال اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں بھی کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
ایرانی حکام کے مطابق ان میں سے ایک جہاز سپر ٹینکر تھا جو مبینہ طور پر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکے کا شکار ہوا۔
پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ دوسرا آئل ٹینکر امریکی فوج کی حفاظت میں خفیہ طور پر ایک غیر قانونی بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا، اسی دوران اسے بھی حادثہ پیش آیا تاہم ایرانی فورسز نے دوسرے جہاز کو پیش آنے والے واقعے کی نوعیت واضح نہیں کی اور امریکی فوجی حفاظتی حصار سے متعلق دعوے کے حق میں کوئی آزادانہ ثبوت بھی پیش نہیں کیا۔
ایران حالیہ ہفتوں میں متعدد مرتبہ ایسے واقعات کی اطلاعات دے چکا ہے جن میں اس کے مطابق تجارتی جہازوں کو غیر مجاز راستوں سے گزرنے کی کوشش کے دوران آگ لگنے یا بارودی سرنگوں سے نقصان پہنچا۔
دوسری جانب امریکی فوج حال ہی میں آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگیں صاف کیے جانے کا اعلان کرچکی ہے، تازہ واقعات کے بارے میں تاحال کوئی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کیلئے خطرات میں اضافہ
عرب خلیج اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے خلاف مسلسل واقعات نے عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فروری کے اواخر میں مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری ٹریفک پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ تہران کا مؤقف ہے کہ اس اہم بحری گزرگاہ سے صرف اس کے منظور شدہ راستوں کے ذریعے جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
امریکا نے جواباً ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی نافذ کی اور تجارتی آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے محفوظ راستہ فراہم کرنے میں مدد دینے کے اقدامات کیے ہیں۔
آبنائے ہرمز عرب خلیج کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملاتی ہے اور دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔ معمول کے حالات میں دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل کی سپلائی اسی راستے سے گزرتی ہے۔ اس لیے یہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی منڈیوں، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے گزشتہ ماہ دعویٰ کیا تھا کہ اس نے موسم گرما سے اب تک خلیجی ممالک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے ڈیڑھ ارب بیرل تیل برآمد کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔
ایڈنوک کے جہاز پہلے بھی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں
ایڈنوک لاجسٹکس اینڈ سروسز اس سے قبل بھی اپنے بحری جہازوں پر حملوں کی اطلاعات دے چکی ہے۔
کمپنی نے 7 اگست کو جاری بیان میں کہا تھا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے اس کے 15 جہاز میزائلوں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، ان واقعات میں عملے کا ایک رکن ہلاک جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔
کمپنی کے مطابق اپنے عملے، جہازوں اور آپریشنز کے تحفظ کیلئے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
تازہ حملہ اس حوالے سے اہم ہے کہ یہ آبنائے ہرمز کے فوری اطراف کے بجائے متحدہ عرب امارات کی اپنی سمندری حدود میں پیش آیا ہے، جس سے خطے میں تجارتی جہازوں کی سلامتی، تیل کی ترسیل اور توانائی کی عالمی سپلائی کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔



