ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی 26 گول کے ساتھ رواں سیزن میں ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے مسلسل دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے اور گولڈن بوٹ جیت لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق لیونل میسی نے میچز لیگ سوکر (ایم ایل ایس) میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا اور وہ مسلسل دو سیزن میں گولڈن بوٹ جیتنے والے لیگ کی تاریخ کے پہلے فٹبالر بن گئے۔
میسی نے رواں سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 26 گول اسکور کیے اور لیگ کے ٹاپ اسکورر قرار پائے، جبکہ گزشتہ سیزن میں بھی انہوں نے 29 گول کرکے گولڈن بوٹ اپنے نام کیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ میسی ایم ایل ایس کی تاریخ میں دوسری مرتبہ گولڈن بوٹ جیتنے والے چھٹے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ تاہم مسلسل دو سیزنز میں یہ اعزاز حاصل کرنے کا منفرد ریکارڈ اب صرف ان کے نام ہے۔
🚨🇺🇸 OFFICIAL: Lionel Messi wins the MLS Golden Boot 2026 and becomes the first player ever to win it back to back.
👟✨ 2025 — 29 goals in 28 games
👟✨ 2026 — 26 goals in 31 games https://t.co/0nNCzSP9lb— Fabrizio Romano (@FabrizioRomano) November 8, 2026
گولڈن بوٹ کی دوڑ میں ایف سی ڈلاس کے پیٹر موسیٰ 22 گول کے ساتھ دوسرے جبکہ نیشویل ایس سی کے سیم سرج 21 گول کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
لیونل میسی نے 2025 میں 29 اور 2026 میں 26 گول کرتے ہوئے پنالٹی کے بغیر گول کرنے کا اپنا ہی ریکارڈ بھی برقرار رکھا۔ اس طرح وہ ایم ایل ایس کی تاریخ میں مسلسل دو سیزنز میں کم از کم 25 گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ دونوں سیزنز میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 55 ہو گئی۔
میسی سے قبل یہ کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑیوں میں صرف جوزف مارٹینیز شامل ہیں، جنہوں نے 2018 اور 2019 کے سیزنز میں مجموعی طور پر 58 گول اسکور کیے تھے۔
پنالٹی کے بغیر گول کرنے کا بھی ریکارڈ
میسی کی کارکردگی کا ایک اور نمایاں پہلو پنالٹی کے بغیر گول کرنے کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 2026 کے سیزن میں اپنے 26 گولز میں سے 25 پنالٹی کے بغیر اسکور کیے، جو ایم ایل ایس کی تاریخ میں کسی ایک سیزن کے دوران پنالٹی کے بغیر کیے گئے دوسرے سب سے زیادہ گول ہیں۔
اس فہرست میں پہلا نمبر بھی میسی ہی کا ہے، جنہوں نے 2025 میں پنالٹی کے بغیر 28 گول اسکور کرکے لیگ کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
مسلسل دو سیزنز میں گولڈن بوٹ جیتنے کے ساتھ یہ ریکارڈز میسی کی ایم ایل ایس میں شاندار گول اسکورنگ صلاحیت اور مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہیں۔


