الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کر لیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان پارٹی کے اندر انتخابات کرانے سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پارٹی کو انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے 15 اکتوبر 2026 تک توسیعی کی مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود انتخابات نہیں کرائے گئے۔
الیکشن کمیشن نے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازمی ہے۔ قانون کے مطابق انتخابات کے انعقاد کے بعد سات روز کے اندر انتخابی سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے 14 روز کی مہلت دی ہے۔ جبکہ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کی صورت میں ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان حاصل کرنے کی اہلیت سے محروم ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 اکتوبر 2026 کو بھی ایم کیو ایم پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ پارٹی کو پہلے ہی انتخابات کے انعقاد کے لیے توسیعی مہلت دی جاچکی تھی، تاہم 15 اکتوبر کی مقررہ تاریخ تک انتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر جواب طلب کرلیا ہے۔



