وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ’کرپشن کا الزام‘ لگانے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، نجی ٹی وی کے چیئرمین اور پروگرام کے میزبان کو قانونی نوٹس بھجوا دیے۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک نےنجی ٹی وی اے آر وائی کو ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ’پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روزسن رہا ہوں جس میں صداقت بھی ہے اور اب تو کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھر گئی ہیں، یہ کہانیاں نوٹ بھی ہو رہی ہیں‘۔
وفاقی وزیرچوہدری سالک نےARYکوانکشاف کیا پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روزسن رہا ہوں جس میں صداقت بھی ہے۔اوراب توکرپشن کی فائلیں نہی الماریاں بھرگئی ہی،یہ کہانیاں نوٹ بھی ہورہی ہیں
جہازکا ذاتی استعمال نہیں ہوناچاہیے،اورسرکاری استعمال کابھی بتائیں دوروں سےملک میں اتنی سرمایہ کاری ائی https://t.co/Mc6mTXD21m— Naeem Ashraf Butt (@NaeemAshrafBut2) November 2, 2026
دوران انٹرویو انہوں نے مزید کہا کہ ’جہازکا ذاتی استعمال نہیں ہونا چاہیے اور سرکاری استعمال کا بھی بتائیں، دوروں سےملک میں کتنی سرمایہ کاری آئی؟ پنجاب کا سارا بجٹ لاہور جاتا ہے ، پھر ان کی مرضی ہے کہ کیسے تقسیم کریں ۔
وفاقئ وزیر چوہدری سالک :
پنچاب میں بہت کرپشن ہورہئ ہے اور ادارے اسے نوٹ بھئ کر رہے ہیں۔ مشورہ ہے محتاط رہیں یہ چیزیں گلے پڑ جاتی ہیں۔
عظمی بخارئ صاحبہ کو کہوں گا سرکارئ تھالی میں نہ ہم نے کبھی کھایا ہے نہ آئندہ کھائیں گے۔ اسے اپنے پاس ہی رکھیں
#11thHour https://t.co/q4VNXygATz
— Waseem Badami (@WaseemBadami) November 3, 2026
وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹسز کے مطابق پنجاب حکومت میں کرپشن سے متعلق الزامات وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران عائد کیے گئے، جنہیں نجی ٹی وی چینل نے بغیر تصدیق اور کسی دستاویزی ثبوت کے نشر کیا۔
نوٹسز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے انٹرویو کے دوران خود تسلیم کیا تھا کہ ان کے پاس مبینہ کرپشن کے الزامات ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت موجود نہیں، اس کے باوجود انہوں نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق سنگین دعوے کیے۔
قانونی نوٹس میں چوہدری سالک حسین کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب میں مبینہ کرپشن کی فائلوں کے بجائے اب الماریاں بھری ہوئی ہیں اور ان معاملات کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے۔

قانونی نوٹسز میں نجی ٹی وی چینل اور پروگرام کے میزبان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پنجاب حکومت کا مؤقف معلوم کیے بغیر اور الزامات کی تصدیق کے لیے کوئی دستاویزی ثبوت حاصل کیے بغیر انہیں نشر کیا۔
نوٹسز کے مطابق چینل اور صحافی نے غیر مصدقہ اور ہتک آمیز الزامات کو نشر کرکے صوبائی حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔
اس سے قبل مریم نواز نے آج اٹک کی کامسیٹس یونیورسٹی میں طلبہ میں اسکالر شپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں چوہدری سالک حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تمہیں عدالت میں گھسیٹوں گی‘پنجاب میں ایک پیسہ بھی کرپشن کی نذر ہوا تو مریم نواز اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’جھوٹے الزامات مت لگائو، ثبوت ہے تو سامنے لائو‘ جو گجرات میرے حوالے ہوا تھا وہاں بارش ہو جائے تو وہاں ہر طرف پانی کھڑا ہو جاتا تھا۔تکلیف اس بات کی ہے کہ ڈی سی گجرات ہماری مرضی کا کیوں نہیں لگا؟ میں افسران کی تعیناتی میں 100 فیصد میرٹ پر عمل کرتی ہوں، جو سفارش سے آتا ہے وہ عوام اور ملک کا بیڑہ غرق کرتا ہے۔ میں مسئلے ’گنوانے‘ والی نہیں بلکہ حل نکالنے والی وزیر اعلیٰ ہوں۔
خیبر پختونخوا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جہاں پنجاب کا بارڈر ختم ہوتا ہے وہاں ترقی بھی ختم ہو جاتی ہے ‘۔ میں نے 3 سال میں لوگوں کی مثالی خدمت کی۔جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے آج ترقی دیکھ کر پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے یہ سب اے آئی ہے، تنقید سے گھبرانا نہیں بلکہ مشکل حالات میں حوصلہ برقرار رکھنا چاہئے، میرے لیے سب سے بڑا سرمایا عوام کی محبت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اٹک کے ہونہار طلبا کی محنت پر فخر ہے،ایک ماں کی طرح آج میرا سر فخر سے بلند ہے، ہونہار اسکالر شپ پروگرام میرٹ پر ہزاروں طلبہ کاسہارا بن رہاہے،نوجوان ہمارا مستقبل اور قوم کاسرمایا ہیں،یہاں کے بچے پورے پنجاب کے بچوں کو پیچھے چھوڑ گئے۔
مریم نواز نے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طورپر بھڑکانے کے باوجود آپ نے تعلیم کاراستہ نہیں چھوڑا ،آج اٹک میں نوجوانوں کاجم غفیر ہے جو کل کو پاکستان کی تقدیر لکھیں گے،طلبہ کی تعلیم پرحکومتی خرچ بہترین سرمایا کاری ہے۔
بیٹیوں کو آگے بڑھتا دیکھ کر سب سے زیادہ خوشی ہوتی ہے،سفارش کلچر ختم کرکے میرٹ کو فروغ دیا، لیپ ٹاپ سے فری لانسنگ اور جدید تحقیق میں مدد ملے گی، طلبہ گرین بسوں میں مفت سفر کرتے ہیں انہیں ای بائیکس بھی فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام ڈویژنز میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں،ہم ڈگری کے ساتھ ہنر اور روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں، آپ محنت کریں، فیس اور وسائل کی فکر حکومت کرے گی۔عوام مجھے اپنا سمجھتے ہیں، اسی لیے محبت کرتے ہیں،بچوں کے پاس جاتی ہوں تو وہ گلے لگ کر رونے لگتے ہیں۔
بعدازاں مریم نواز نے طلبہ میں اسکالر شپس اور لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے ۔



