ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت مسلسل ہزاروں روپے کمی کے بعد ایک بار پھر بڑھ گئی۔
ہفتے کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 10 ہزار 800 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار 467 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز آج فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 12 ہزار 136 روپے کا ہوگیا ۔
اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت 2ہزار 58روپے اضافے سے 3لاکھ 53 ہزار 340 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

