پنجابی گلوکاراوراداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں پر اٹھنے والی ’تنقید‘ کا جواب پاکستانی شاعر منیر نیازی کے اشعار سنا کر دے دیا۔
بھارتی گجرات کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گزشتہ شب ہونے والے کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں میں شراب اور دیگر نشہ آور اشیا کے ذکر پر ہونے والی تنقید اور پابندیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔
انہوں نے کولڈ پلے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ جب غیر ملکی بینڈ کے گانوں میں ”آئی ایم فیلنگ ڈرنک اینڈ ہائی“ جیسے الفاظ استعمال ہوتے ہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہوتا لیکن جب وہ ایسے گانے گاتے ہیں تو پابندیاں کیوں لگائی جاتی ہیں؟
دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال کولڈ پلے کو اسی اسٹیڈیم میں پرفارم کرتے دیکھا تو اسی وقت یہاں شو کرنے کا ارادہ کرلیا تھا جسے مداحوں نے پورا کردیا۔
WE LOVE YOU AHMEDABAD 🫶🫶
HAYE MAZEY…. 😈
AURA INDIA TOUR
2026
Next
Mumbai 🫶 https://t.co/wvQNWqpsqS
— DILJIT DOSANJH (@diljitdosanjh) November 21, 2026
دلجیت دوسانجھ نے اپنی بھارتی شناخت پر سوال اٹھانے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ انہیں باہر سے آنے والا کہتے ہیں حالانکہ ان کی پیدائش بھارت میں ہوئی ہے۔ وہ کوئی ہونولولو میں پیدا نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ دنیا بھر میں سفر کرنے والے موسیقار بھی بھارتی ہیں۔ شو شروع ہونے سے پہلے انہوں نے پاکستانی شاعر منیر نیازی کی نظم کا یہ شعر بھی پڑھا۔
جو ہوئے اے ہونا ہی سی
تے ہونی ہوندیاں رکنی نئیں
اک واری جدوں شروع ہو جاوے
گل فیر اینویں مکدی نئیں
دلجیت دوسانجھ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ’اگر آپ مجھے چھیڑو گے تو میں تو جواب دوں گا، مجھے چھیڑو مت ، میں پروگرام کروں گا اور چلا جاؤں گا، آپ جس سے پنگے لے رہے ہیں وہ تو کب سے یہاں سے چلا گیا ہے۔
انہوں نے منیر نیازی کی نظم کا یہ شعر بھی سنایا۔
کُج اُنج وی راہواں اوکھیاں سَن
کُج گَل وِچ غماں دا طوق وی سی
کُج شہر دے لوک وی ظالم سَن
کُج سانوں مرن دا شوق وی سی
معاملہ ہے کیا؟
دلجیت دوسانجھ کے گانوں پر تنقید اور پابندیوں کا معاملہ بنیادی طور پر چندی گڑھ کے پروفیسر اور سماجی کارکن ڈاکٹر پنڈت راؤ دھرینوَر نے اٹھایا تھا۔
انہوں نے احمد آباد کنسرٹ سے قبل ضلعی تحفظِ اطفال یونٹ کو درخواست دی تھی کہ دلجیت 4 گانے نہ گائیں، کیونکہ ان کے بقول ان کے بول شراب نوشی، منشیات اور اسلحے کے کلچر کو فروغ دیتے ہیں۔ ان گانوں میں شامل تھے:
– ’پٹیالہ پیگ‘
– ’پنج تارا‘
– ’جے بچھو فیم لبھیا‘
– ’جٹ اتھے فائر کردا‘
ڈاکٹر دھرینوَر نے گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ان کی شکایت کے بعد احمد آباد کے ضلعی تحفظِ اطفال افسر تنویکا پرمار نے پولیس کمشنر کو خط لکھ کر ان گانوں پر پابندی سمیت دیگر احتیاطی اقدامات کی درخواست کی تھی۔
شو کی روداد
دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ایک لاکھ سے زائد شائقین نے شرکت کی اور ان کے مشہور گانوں پر جھومتے رہے۔
گزشتہ شب ہونے والے کنسرٹ کے لیے اسٹیڈیم میں مداحوں کا داخلہ سہ پہر 3 بجے شروع ہواجبکہ مرکزی شو شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوا۔ اس دوران شائقین نے اپنے پسندیدہ گلوکار کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے تقریباً 4 سے ساڑھے 4 گھنٹے انتظار کیا۔
کنسرٹ میں پنجاب، ممبئی اور بھارت کے دیگر شہروں کے علاوہ بیرون ملک سے بھی مداح پہنچے۔ امرتسر سے آنے والے شائقین نے احمد آباد میں ٹریفک اور سکیورٹی کے انتظامات کو سراہا جبکہ سورت سے ایک نوجوان وہیل چیئر پر کنسرٹ دیکھنے پہنچا۔
کنسرٹ ختم ہونے کے بعد شائقین کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔ انہوں نے دلجیت سے اپنی ’محبت‘ کا کھل کر اظہار کیا، ان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری ویڈیو میں پولیس اہلکار ہجوم کو کنٹرول کرتے بھی دکھائی دیے ۔
NARENDRA MODI STADIUM 🏟️
BIGGEST STADIUM IN THE WORLD 🌎 🇮🇳
AURA INDIA TOUR 2026
Next 27 November- MUMBAI 🫶 https://t.co/QRp2fg68lz
— DILJIT DOSANJH (@diljitdosanjh) November 22, 2026
احمد آباد میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ سے قبل بم دھماکے کی دھمکیوں کے تناظر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیڈیم اور اطراف میں 1300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔
دلجیت دوسانج کے آئندہ کنسرٹس
دلجیت دوسانجھ اس وقت اورا ورلڈ ٹور 2026 کے سلسلے میں دنیا بھر میں کنسرٹ کر رہے ہیں۔ان کے آفیشل ٹور شیڈول کے مطابق انہوں نے اگلا کنسرٹ 27 نومبرکوممبئی جبکہ 29 نومبرکوبنگلورو میں کرنا ہے۔ اس کے علاوہ وہ اگلے ماہ کی 5 تاریخ کولکھنؤ،12 کوچندی گڑھ،19 کوکولکتہ جبکہ نیو ایئر نائٹ پر 31 دسمبرکوابوظہبی میں پرفارم کریں گے۔
