حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 85 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا، جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 29 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 30 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 82 پیسے فی لیٹر سے بڑھا کر 400 روپے 67 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارتِ توانائی کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلیوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات 29 اکتوبر کو کمی ریکارڈ کی گئی، کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کی امیدوں نے مشرق وسطیٰ میں تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات کو کسی حد تک کم کردیا۔
رائٹرز کے مطابق کاروبار کے دوران برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودے 0.35 فیصد کمی کے بعد 114 ڈالر 92 سینٹ فی بیرل پر آگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 0.64 فیصد کمی کے ساتھ 102 ڈالر 12 سینٹ فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔



