بھارت میں سوشل میڈیا پر پابندیوں کیخلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی جانب سے اپنے رہنماؤں اور ارکان کے اکاؤنٹس بند کیے جانے کیخلاف میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
بھارت میں سوشل میڈیا پر مواد ہٹانے اور اکاؤنٹس بند کرنے کے حکومتی اختیارات آزادی اظہار اور ڈیجیٹل حقوق کے حوالے سے تنازع کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ مودی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملکی قوانین، عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر مواد ہٹانے کی ہدایت دی جاتی ہے، تاہم اپوزیشن اور آزادی اظہار کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات سے حکومت مخالف آوازوں، تنقیدی تبصروں اور صحافتی مواد کی آن لائن رسائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
اس تنازع نے رواں سال فروری میں اس وقت مزید شدت اختیار کی، جب بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو غیر قانونی مواد کی نشاندہی کے بعد اسے ہٹانے کی مہلت 36 گھنٹے سے کم کرکے محض 3 گھنٹے کر دی۔ اس فیصلے پر آزادی اظہار کے حامیوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اتنے مختصر وقت میں کسی مواد کا قانونی اور غیر قانونی ہونا طے کرنا سوشل میڈیا کمپنیوں کیلیے بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے حیدرآباد میں میٹا کے دفاتر کی عمارت میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ اور میٹا کیخلاف نعرے بازی کی، مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
#WATCH | Telangana: Indian Youth Congress workers staged a protest at Meta’s Hyderabad office, alleging the suspension of accounts of several leaders.
The protesters were detained by police.
(Source: Indian Youth Congress) https://t.co/2RklaDvDA9
— ANI (@ANI) November 20, 2026
ممبئی میں میٹا کے دفتر والی عمارت کے باہر بھی کانگریس کارکنوں نے دیواروں پر کمپنی مخالف نعرے تحریر کیے اور سکیورٹی اہلکاروں سے الجھ پڑے، جبکہ نئی دہلی کے قریب گروگرام میں مظاہرین نے احتجاج کرکے کانگریس یوتھ کے اکاؤنٹس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
بھارتی یوتھ کانگریس نے ایکس پر دھمکی دی تھی کہ اگر اس کے رہنماؤں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بحال نہ کیے گئے تو ملک بھر میں میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا اور دفاتر میں داخل ہو کر مظاہرے کیے جائیں گے۔
یوتھ کانگریس کے سوشل میڈیا امور کے انچارج منو جین نے رائٹرز کو بتایا کہ جمعے کے احتجاج کے بعد ایسے دو اکاؤنٹس بحال کر دیئے گئے ہیں، تاہم حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں، مواد تخلیق کرنے والوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ہزاروں اکاؤنٹس تاحال بند ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ میٹا اپنے الگورتھمز کے ذریعے مواد محدود کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کرے اور حکومتی احکامات پر بند کیے گئے اکاؤنٹس بحال کرے۔
بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے کانگریس کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کارکنوں نے حیدرآباد میں میٹا کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور اس عمل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر فخریہ انداز میں شیئر کیں۔ نجی کمپنیوں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کرنا کانگریس کا طریقہ کار ہے۔
دوسری جانب میٹا نے احتجاج پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ بھارت میں مقامی قوانین کی تعمیل کے لیے بعض مواد محدود کیا جاتا ہے۔
بھارت میں سوشل میڈیا مواد ہٹانے کے حکومتی اقدامات اور آزادی اظہار پر ان کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے بحث شدت اختیار کر رہی ہے۔ کانگریس طویل عرصے سے میٹا اور دیگر سوشل میڈیا کمپنیوں پر الزام عائد کرتی رہی ہے کہ وہ اپوزیشن کی آواز دبانے کیلیے اس کے اکاؤنٹس اور مواد کو محدود کرتی ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے حق میں جانبداری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق رواں سال بھارت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے صحافتی مواد ہٹانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ آزادی اظہار کیلیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے نئے قواعد کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں کو مواد ہٹانے کی درخواستوں کا جائزہ لینے اور فیصلہ کرنے کیلیے انتہائی کم وقت دیا جاتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق رواں سال فروری میں مودی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو غیر قانونی مواد کی نشاندہی کے بعد اسے تین گھنٹے کے اندر ہٹانے کا حکم دیا تھا، جبکہ اس سے قبل یہ مدت 36 گھنٹے تھی۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں بھارت میں مقامی قوانین کے تحت 54 لاکھ سے زائد پوسٹس یا اکاؤنٹس محدود کیے گئے، جو انڈونیشیا کے بعد دنیا میں دوسری بڑی تعداد ہے۔ اس سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران یہ تعداد تقریباً 70 ہزار تھی۔
میٹا نے وضاحت کی کہ ان میں سے بڑی تعداد ایسے مواد کی تھی جسے مقامی قوانین کے تقاضوں کے تحت کمپنی کیلیے محدود کرنا ضروری تھا۔


