پاکستان اور سری لنکا کے کپتانوں شاہین آفریدی اور کوشل مینڈس نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا فائنل کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فیصلہ کن مقابلہ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں شاہین شاہ آفریدی اور کوشل مینڈس نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں حصہ لیا اور ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔
قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کریں گے۔ پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دو اور سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
تماشائی کل ایک دلچسپ مقابلہ دیکھیں گے، شاہین آفریدی
فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی دکھائی ہے، تاہم ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے کے شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔
Pakistan to take on Sri Lanka in ODI tri-series final at Gaddafi Stadium on Saturday
Details here ➡️ https://t.co/yJaYbGAWZG
#PAKvSL https://t.co/5qY3lwL19z
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 30, 2026
ان کا کہنا تھا کہ شائقین نے ہمیشہ قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا ہے اور امید ہے کہ کل بڑی تعداد میں تماشائی اسٹیڈیم پہنچ کر ایک دلچسپ مقابلہ دیکھیں گے۔ شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی کہ ٹیم کا کمبی نیشن برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔
فائنل ان کی ٹیم کے لیے ایک بڑا مقابلہ ہے، کوشل مینڈس
دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ فائنل ان کی ٹیم کے لیے ایک بڑا مقابلہ ہے۔ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، تاہم سری لنکن ٹیم بھی مکمل تیاری کے ساتھ فائنل کھیلنے کے لیے پُرجوش ہے۔
کوشل مینڈس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف گزشتہ مقابلے میں ان کی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔ کھلاڑی اپنی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے بنیادی منصوبوں کے مطابق کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں ٹیم کی کارکردگی پر سب خوش ہیں جبکہ پاکستانی شائقین نے بھی سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے، جو ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس فیصلہ کن مقابلے میں قومی ٹیم کے پاس ہوم گراؤنڈ پر تاریخ رقم کرنے کا موقع ہوگا جبکہ سری لنکن ٹیم بھی ٹرافی جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان میں اب تک چار ون ڈے تین ملکی سیریز منعقد ہو چکی ہیں، اس سے قبل 1994 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ، 2004 میں سری لنکا اور زمبابوے جبکہ 2025 میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے پاکستان میں تین ملکی سیریز میں شرکت کی تھی۔
پاکستان جاری سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دو اور سری لنکا کے خلاف ایک میچ جیت کر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنا۔ قومی ٹیم اب ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ون ڈے تین ملکی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سلمان علی آغا چار میچوں میں 158 رنز بنا کر قومی بیٹرز میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری بھی اسکور کی تھی۔
بولنگ کے شعبے میں نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے چار میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کی ہیں، انہوں نے راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی 87 رنز سے کامیابی میں 6 وکٹیں حاصل کرکے اہم کردار ادا کیا تھا۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی چار میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور سری لنکا کے دلشان مدوشنکا کے ساتھ ٹورنامنٹ کے دوسرے کامیاب ترین بولرز میں شامل ہیں۔



