پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا کو 4 نومبر تک عبوری ضمانت دے دی ہے، درخواست ضمانت پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ولی محمد نے کی۔
دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سابق صوبائی وزیر تیمورسلیم جھگڑا کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسی کیس میں 11 جون 2024 کوانسداد دہشتگردی عدالت نے سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش سمیت 115 کارکنوں پر فرد جرم عائد کی تھی۔
پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ روزانسداد دہشتگردی عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا سمیت دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
پراسیکیوشن کے مطابق ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سابق صوبائی وزیر کامران بنگش بھی عبوری ضمانت پر ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تیمور سلیم جھگڑا کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 4 نومبر تک ریلیف فراہم کردیا۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے، پشاور میں بھی احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی، جس کے بعد متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئےتھے۔
ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ مختلف ملزمان کی جانب سے عدالتوں سے ضمانتیں بھی حاصل کی گئی ہیں۔



