راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بیرئر ہٹانے اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ 2024 کے ایک مقدمے میں جیل میں ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ مقدمہ ایک بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی روٹ میں مبینہ خلل ڈالنے اور عوام کو بدامنی پر اکسانے سے متعلق تھا۔ دونوں پر الزام تھا کہ انہوں نے ٹیم کے روٹ سے رکاوٹیں ہٹائی تھیں۔ رواں ماہ 7 اکتوبر کو دونوں پر فردِ جرم عائد کی گئی، جس کے بعد ان کے وکلا کی جانب سے صحتِ جرم سے انکار پر باقاعدہ ٹرائل شروع ہوا۔ فیصلے سے قبل دونوں اس مقدمے میں ضمانت پر تھے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے آج اڈیالہ جیل میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے 3 مختلف دفعات کے تحت سزا کا حکم دیتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
عدالت کی جانب سے کیس میں اسٹیٹ کونسل مقرر کیا گیا تھا، اسٹیٹ کونسل عاطف محمود نے گواہان پر جرح کی ، پراسیکیوشن کی جانب سے مجموعی طور پر کیس میں 7 گواہان کو پیش کیا گیا تھا۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف 25 اکتوبر 2024 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، دونوں اس کیس میں ضمانت پر تھے۔
سزاؤں کی تفصیلات
انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے مطابق دونوں افراد کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 186 (کارِ سرکار میں مداخلت) کے تحت جرم ثابت ہونے پر ایک سال قیدِ اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید ایک ماہ قیدِ بھگتنا ہو گی۔
اسی طرح پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 353 (سرکاری ملازم کو فرائص کی انجام دہی سے روکنا اور اس پر حملہ کرنا) کے تحت بھی مجرم قرار دیتے ہوئے 2 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید 3 ماہ قید کی سزا کاٹنا ہوگی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت بھی قصوروار قرار دیتے ہوئے 10 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔
عدالت نے حکم دیا کہ دونوں ملزمان کو دی گئی تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی (یعنی اگرچہ مجموعی سزا 13 سال کی ہے مگر اس پر بیک وقت عملدرآمد ہو گا چنانچہ سب سے طویل سزا، یعنی 10 سال، ہی زیادہ سے زیادہ سزا ہو گی)۔
اس کے علاوہ ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کو ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 382 بی کا فائدہ بھی دیا گیا، جس کے تحت زیرِ حراست پہلے سے گزارا گیا وقت سزا میں شمار کیا جائے گا۔
گرفتاری، رہائی اور پھر گرفتاری
ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی چٹھہ رواں سال 23 جنوری کو گرفتاری کے بعد سے جیل میں قید ہیں، انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کرنے اور مبینہ طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سے بدسلوکی کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ان کی گرفتاری پر انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاستدانوں اور صحافیوں نے تنقید کرتے ہوئے دونوں کے منصفانہ ٹرائل کے حق پر زور دیا تھا۔
سیشن عدالت نے متنازع سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق مقدمے میں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا) کی مختلف دفعات کے تحت دونوں کو مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
17 ستمبر کو عدالتوں میں کئی ماہ تک جاری رہنے والی قانونی کارروائی کے بعد سپریم کورٹ نے اس مقدمے میں دونوں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ان کی اپیلوں پر حتمی فیصلہ آنے تک انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
تاہم یہ ریلیف زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا اور چند گھنٹے بعد ہی اسلام آباد پولیس نے ایک دوسرے مقدمے میں دونوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا اور انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، جس نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
نئے مقدمے میں دونوں کی گرفتاری وفاقی دارالحکومت کے کوہسار تھانے میں 22 مارچ کو گزشتہ برس سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ چانڈیو کی شکایت پر درج ایف آئی آر کی بنیاد پر عمل میں آئی۔

