عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مسلسل 5 روز کی گراوٹ کے بعد سونے کی قیمت میں آج اضافہ ہو گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1400 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ، 23 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت ایک ہزار 201 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 63 ہزار 28 روپے ہو گئی۔
اس کے علاوہ 24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 20 روپے اضافے سے 5 ہزار 878 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 14 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 9 ڈالر کا ہو گیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے کم ہونے کے بعد 4 لاکھ، 22 ہزار 36 روپے پر آ گئی تھی۔
خیال رہے عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


