عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مزید کمی ہو گئی جس کے بعد سونا 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل پانچویں روز کمی دیکھی گئی، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے کم ہونے کے بعد 4 لاکھ، 22 ہزار 36 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 2 ہزار 144 روپے سستا ہو گیا جس سے نئی قیمت 3 لاکھ، 61 ہزار 686 روپے پر آ گئی۔
اس کے علاوہ فی تولہ چاندی 7 روپے کی معمولی کمی کے بعد 5 ہزار 858 روپے کی ہو گئی، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ہزار ڈالر سے بھی نیچے آ گئی ،عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 25 ڈالر سستا ہونے کے بعد 3 ہزار 995 ڈالر کا ہو گیا۔
واضح رہے گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی کمی ہوئی تھی۔
خیال رہے عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔



