وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد کو 31 دسمبر تک ملک کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں رواں ماہ کے اختتام تک سرکاری دفاتر میں نقد ادائیگیوں کی وصولی بند کردی جائیں گی جب کہ سال کے اختتام تک تمام تاجروں کو بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ان اہداف کا اعلان وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ’کیش لیس اسلام آباد‘ سے متعلق پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد انتظامیہ یا کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔
اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر،
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد کے حوالے سے اہم اجلاس، https://t.co/QPxAieLv1Z— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) November 13, 2026
ان کے بقول حکومت کا ہدف ہے کہ 31 دسمبر تک تمام تاجروں بشمول ریڑھی بانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں شامل کر لیا جائے۔
وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں لگ بھگ 26 ہزار تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت سے منسلک کیا جا چکا ہے۔ ان کے بقول اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں کہ سڑک کنارے ریڑھی لگانے والوں سے لے کر بڑے تجارتی مراکز تک ہر سطح پر کیش لیس لین دین کی سہولت دستیاب ہو۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس اقدام پر کامیابی سے عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت اور ان کی تجاویز ضروری ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی سے مالیاتی شفافیت بہتر بنانے اور ٹیکسوں کی نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیرِ مملکت کے بقول بینکاری کے شعبے کے نمائندوں نے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی حکومت ملک بھر میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے کوششیں تیز کر رہی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے فروغ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ ملک میں سو فی صد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے مقررہ مدت کے ساتھ واضح لائحہ عمل اور اہداف پیش کیے جائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں. کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے وزارتِ خزانہ اور تمام متعلقہ ریاستی اداروں کی جاری کامیاب کاوشیں قابل ستائش ہیں. وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے ساتھ اہداف پیش کرنے کی ہدایت کی.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں. کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے.
وزیراعظم نے راست کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین اور مرچنٹ کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کی اسکیم کو حکومتی سرپرستی میں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے. وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے صارفین کو یوٹیلیٹی بلوں پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مؤثر میڈیا مہم چلانے اور تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس اکانومی کے پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی.
اجلاس میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی. بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے اور بیشتر اداروں میں دسمبر 2026 تک تمام ادائیگیاں مکمل ڈیجیٹائز ہو جائینگی. بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سو فیصد ادائیگیاں بذریعہ ڈیجیٹل والٹ کی جا رہی ہیں. انٹرنیٹ کی عدم موجودگی میں ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے. پورے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے انفراسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے. 15 نومبر 2026 سے بذریعہ چیک آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی ادائیگیاں ختم کی جا رہی ہیں. 16 نومبر سے پورے ملک میں آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں بذریعہ راست ڈیجیٹل نظام کی جائیں گی اور اس سلسلے میں DDOs کو تربیت دی جا چکی ہے.
اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، شزا فاطمہ خواجہ، عطاء اللہ تارڑ، جنید انور چوہدری، علی پرویز ملک، سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) November 6, 2026
شہباز شریف نے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور ٹیکنالوجی تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنائی جائے۔
وزیرِ اعظم نے راست کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین اور مرچنٹ کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کی اسکیم کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔


