وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے پروٹوکول کے لیے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی گاڑی استعمال ہونے کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 20 مئی 2026 کو اداکارہ مومنہ اقبال نے پنجاب رکن اسمبلی ثاقب چدھڑ پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات عائد کیے جبکہ 22 مئی کو پولیس میں درخواست دی۔ 5 جون کو این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کیا، ثاقب چدھڑ کے وکیل علی اشفاق نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب کی جانب سے 25 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین (پی اے ایس، بی ایس 18) کو فوری طورپرتبدیل کرکے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹیفکیشن میں انہیں مزید احکامات تک او ایس ڈی قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایک ویڈیو میں کارریلی کے دوران پیرا کی گاڑی بھی شریک دکھائی دے رہی ہے، کسی ریگولیٹری اتھارٹی کے وسائل کا طے شدہ دائرہ کار سے ہٹ کراستعمال سنگین خلاف ورزی ہے۔
The video depicts a car rally in which a PERA vehicle is seen accompanying other participating vehicles. The deployment of a regulatory authority’s resources for non-serious purposes, beyond its officially prescribed mandate, constitutes a serious breach of administrative discipline and a violation of established policy. In view of this matter, the Deputy Commissioner is being removed from the post with immediate effect.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 25, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کا غیر سنجیدہ مقاصد کے لیے استعمال طے شدہ پالیسی کے منافی ہے، اس لیے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پرعہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سرکاری وسائل کے استعمال اور انتظامی افسران کی ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم فراہم کردہ معلومات میں یہ واضح نہیں کہ پیرا کی گاڑی کے استعمال کے معاملے میں ڈپٹی کمشنر کا کردار کیا تھا۔
پنجاب میں 16 ہزار سے زائد بچوں کی مفت ہارٹ سرجری، ویٹنگ لسٹ ختم
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ بچوں کے دل کے آپریشنز کے منتظر مریضوں کے حوالے سے پنجاب حکومت کی پیش رفت بھی بیان کی۔
الحمدللہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی اس وقت دل کے امراض میں مبتلا 15,000 معصوم بچے سرجری کے لیے انتظار کی طویل فہرست میں تھے لیکن آج “چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام” کے تحت 16,173 بچوں کے مفت اور کامیاب آپریشنز مکمل ہو چکے ہیں اور وہ ویٹنگ لسٹ اب مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان معصوم دلوں کی ہر نئی دھڑکن اور والدین کی دعائیں ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں۔ ہر بچے کی مسکراہٹ اور محفوظ زندگی کے لیے ہماری یہ جدوجہد اسی طرح جاری رہے گی۔ انشاءاللہ!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 25, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق زندگی بچانے والے دل کے آپریشنز کے منتظر 15 ہزار بچوں کی ویٹنگ لسٹ صفر پر لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2024 میں عہدہ سنبھالا تو ہزاروں خاندان اپنے بچوں کے علاج کے انتظار میں تھے اور کئی بچے بیماری اور بے حسی کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ علاج کے مہنگے اخراجات کی وجہ سے کسی بچے کو جینے کا حق نہیں کھونا چاہیے۔



