پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں بنے گا جس کیلئے سعودی سرمایہ کاروں کیساتھ معاہدہ ہو گیا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دو دن قبل پاک سعوعی عرب رئیل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ اسلام آباد میں مین ہٹن طرز کا شہر بسانے، کم سے کم 600 فٹ اونچی عمارتیں بنانے، اور 450 ایکڑ پر مشتمل ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک قائم کرنے کے منصوبوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
محسن نقوی اس سے قبل بھی اسلام آباد میں ’مین ہٹن اور شنگھائی‘ جیسا شہر بسانے کا اشارہ دے چکے ہیں۔ 15 اپریل کو انہوں نے کراچی میں دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ ”اسلام آباد میں پرائم منسٹر ہاؤس کے پیچھے اور مارگلہ کے پہاڑوں کے ساتھ جگہ پر ہم شنگھائی اور مین ہیٹن کے طرز تعمیر کا مکسچر بنا رہے ہیں۔
پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کرنے کے منصوبے پر سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
معاہدے کے تحت منصوبے کیلئے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے تھیم پارک کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرے گی۔
محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کی طرز پر استوار کیا جا رہا ہے۔ سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تھیم پارک گیم چینجز پراجیکٹ ثابت ہو گا۔ اگلے چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل سٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو کا بھی پلان ہے۔
اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔


