اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں تمام اقسام کے شیشہ کیفے مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا جبکہ شیشہ کیفوں کو پہلے سے جاری کیے گئے عدم اعتراض سرٹیفکیٹس (این او سیز) بھی واپس لینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیرقانونی شیشہ کیفوں کے خلاف درخواست شہری عبدالجبار نے دائر کی تھی، 15 جولائی 2026 کو سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے حکام سے شیشہ کیفوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، بعد ازاں 9 ستمبر 2026 کو عدالت نے متعلقہ حکام کو شیشہ کیفوں کے حوالے سے ایک ماہ میں قواعد و ضوابط تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے وفاقی دارالحکومت میں بغیر این او سی شیشہ کیفے چلانے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران احکامات جاری کئے۔
عدالت نے قراردیا کہ شیشہ کیفوں سے متعلق نئے قواعد و ضوابط (رولز) تیار ہونے تک اسلام آباد میں کسی بھی قسم کا شیشہ کیفے کھلا نہیں رہ سکے گا۔
عدالت کے حکم کے مطابق نئے رولز کی تیاری تک شیشہ کیفوں کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔
اس کے ساتھ ہی متعلقہ حکام کو پہلے سے جاری کیے گئے این او سیز واپس لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کے کاروبار سے متعلق موجودہ انتظامی معاملات نئے قواعد کی تیاری سے منسلک ہوگئے ہیں۔
کیس میں اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیشہ کیفوں کے خلاف کارروائی اور ان کے قانونی تقاضوں سے متعلق معاملے پر واضح احکامات جاری کیے۔
عدالت نے تمام اقسام کے شیشہ کیفوں کو بند رکھنے کا حکم دیتے ہوئے اس معاملے کو نئے قواعد کی تیاری تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں شیشہ کیفے کی انڈور اور آؤٹ ڈور، تمام اقسام پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد میں شیشہ کیفوں کے حوالے سے یہ عدالتی حکم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بغیر این او سی کاروبار کرنے والے شیشہ کیفوں کے خلاف قانونی کارروائی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کیس کا تفصیلی تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا، تحریری فیصلے میں عدالت کے احکامات اور ان پر عمل درآمد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
All sheesha cafés in Islamabad must remain closed until new rules are introduced. A crackdown begins tonight, Thanks https://t.co/mrGq0KCURu
— DC Islamabad (@dcislamabad) October 14, 2026
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے شیشہ کیفے مکمل بند کرنے کے حکم کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اعلان کیا ہے کہ نئے قواعد متعارف ہونے تک تمام شیشہ کیفے بند رہیں گے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آج رات سے کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔



