بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل کے قریب زیرو پوائنٹ کے مقام پر مسافر بس اور ویگن میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا شکار مسافر بس گوادر سے کراچی جارہی تھی جبکہ مسافر ویگن کراچی سے بیلہ کی جانب رواں دواں تھی۔ دونوں گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور7 مرد شامل ہیں۔ حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مسافر بس اور ویگن کے درمیان تصادم تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بلوچستان میں حالیہ ٹریفک حادثات
بلوچستان کے علاقے بولان میں 11 اکتوبر کو قومی شاہراہ پر ٹرک اور مسافر وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
حادثہ مچھ کے قریب زمیندار ہوٹل کے نزدیک پیش آیا، جہاں ٹرک اور مسافر وین آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں مسافر وین میں سوار افراد شدید متاثر ہوئے تھے۔
3 جولائی کو بلوچستان میں شیرانی کے علاقے دانہ سر میں المناک بس حادثے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متععدد زخمی ہوگئے تھے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
اس وقت معاون خصوصی شاہد رند نے بتایا تھا کہ حادثے کا شکار بس میں ایک دوسری خراب ہونے والی مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے جس کے باعث گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔
المناک بس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی بس میں سوار تھا۔ اس کے مطابق ڈرائیور نے مسافروں کو آگاہ کیے بغیر بس میں ڈیزل لوڈ کیا تھا تاہم بلوچستان کی آخری ایف سی چیک پوسٹ پر بس سے ڈیزل اتار دیا گیا۔

