الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے انتخابی شیڈول آج ہی جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔ آئین میں واضح ہے کہ بلدیاتی انتخابات متعلقہ قانون کے مطابق ہونے چاہئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد نئے انتخابات نہیں ہو سکے۔ قانون کے تحت مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کرائے جانے تھے لیکن قانون میں بار بار تبدیلیوں اور انتظامی مسائل کے باعث انتخابی عمل تعطل کا شکار رہا۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے مختصر حکمنامہ پڑھ کر سنایا۔ سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کے حکام پیش ہوئے۔
بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس کی مدت ختم
الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری ظفر اقبال ملک نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا اور اس سلسلے میں ڈیٹا اور نقشے بھی حاصل کر لیے گئے تھے، تاہم حلقہ بندیوں کا عمل جاری تھا کہ 6 ستمبر کو آرڈیننس کی مدت ختم ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 14 اکتوبر کو شائع ہو چکی ہے۔وزارت داخلہ کو دو مرتبہ یاد دہانی کے مراسلے بھی بھجوائے گئے اور آرڈیننس کی مدت ختم ہونے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا لیکن اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کے قواعد تاحال فراہم نہیں کیے گئے۔
اسپیشل سیکرٹری کے مطابق وزارت قانون نے قواعد کی توثیق کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ وفاقی حکومت نے ابھی تک نیا بلدیاتی قانون بھی نہیں بنایا۔ الیکشن کمیشن کے پاس اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 موجود ہے، اس لیے اسی قانون کے تحت انتخابات کرائے جائیں۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ اگر 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات کرائے جائیں تو حلقہ بندیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور وزراء کی کمیٹی کی جانب سے بھی یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں، تاہم انتخابی عمل میں تاخیر برقرار ہے۔
’لگتا ہے حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی‘
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔ الیکشن کمیشن مجبور ہو کر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حکم جاری کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول آج ہی جاری کیا جائے گا۔


