بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این-25 پر کنڈاوا پوسٹ کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی، جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور تین ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کنڈاوا پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے بڑے حملے کے عزائم ناکام بنا دیے۔
دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کی شناخت کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں میں تین ایف سی اہلکار اور 13 مقامی شہری شامل ہیں، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان پولیس نے حملے کو بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے خلاف کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا بلوچستان کے عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
https://t.co/Zf2PlpCjql
— Balochistan Police Official (@CpoQuetta) November 12, 2026



