حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 16 پیسے کمی کردی، جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 69 پیسے کی کمی کر دی گئی۔
پیٹرول کی قیمت کمی کے بعد 381 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت کمی کے بعد 389 روپے 27 پیسے ہو گئی۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 20 اکتوبر2026 کے لیے ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز جمعہ کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 93 پیسے کی کمی کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت کو برقرار رکھا گیا تھا۔
اس ایک روز قبل جمعرات کو بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 63 پیسے کی کمی کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 31 پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے تقریباً 2.1 فیصد گر کر 107.57 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح کاروبار کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ برینٹ خام تیل 2.1 فیصد سستا ہو کر 107.57 ڈالر فی بیرل پر آ گیا جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 99.46 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی۔
یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جمعہ کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت روس سے متعلق متعدد مجوزہ پابندیاں ختم کر دی گئیں۔
Oil prices pull back from a five-month high 🛢️
Brent crude fell 2.1% to $107.57 per barrel, while WTI moved towards $99.46 as the US considers the impact of easing certain Russia related sanctions.
Could additional supply put further pressure on oil prices? https://t.co/2BTkSo3EC1
— Atmos Funded (@Atmosfunded) October 19, 2026
ان پابندیوں کا نفاذ آئندہ چند روز میں ہونا تھا۔ ان میں روسی مصنوعات پر محصولات اور روسی تیل و گیس خریدنے پر عائد کی جانے والی سزائیں بھی شامل تھیں۔
خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی جمعہ کو ہونے والے اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، جب کاروبار کے اختتام پر قیمتیں 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

