محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ دیر، چارسدہ ، نوشہرہ، صوابی چترال، سوات، کوہستان، کوہاٹ، لکی مروت، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور شانگلہ میں بارش اور بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور بونیر میں برفباری متوقع ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم خضدار، لسبیلہ اور شمال مشرقی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے مطابق رواں موسم سرما میں خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں معمول سے زیادہ بارشوں اور برفباری کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے شدید برفباری کے باعث بالائی اضلاع کی سڑکیں بند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، موسم سرما کے دوران عوام کے تحفظ اور بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تمام متعلقہ اداروں کو موسم سرما کے پیش نظر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹ (این ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاط کریں، اور سفر سے قبل موسمی صورتحال اور سڑکوں کی حالت سے متعلق معلومات حاصل کریں۔



